Friday, May 10, 2024

کنٹریکٹ اساتذہ سندھ حکومت کیخلاف سراپا احتجاج، پولیس کا لاٹھی چارج

کنٹریکٹ اساتذہ سندھ حکومت کیخلاف سراپا احتجاج، پولیس کا لاٹھی چارج
December 20, 2019
کراچی (92 نیوز) اپنے حق کیلئے سندھ کے اساتذہ سڑکوں پر آ گئے۔ کنٹریکٹ اساتذہ مستقل نہ ہونے پر سندھ حکومت کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ سندھ اسمبلی کی جانب مارچ کرنے والے اساتذہ پر پولیس ٹوٹ پڑی۔ لاٹھی چارج اور واٹر کینن سے دھلائی۔ 70 سے زائد افراد گرفتاری کے بعد رہا کردیئے گئے۔ کئی روز سے کراچی پریس کلب پر بیٹھے صوبے بھر کے این ٹی ایس پاس اسکول اساتذہ کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ملازمت پر مستقل کرو اور نوٹیفکیشن جاری کرو۔ جمعے کو محکمے تعلیم سے  مذاکرات  کی ناکامی پراستادوں کا صبر جواب دے  گیا۔ بڑے مطالبات منوانے کے لیئے بڑے دروازے کار خ کیا۔ پولیس نے راستے بند کئے تو اساتذہ نے لفٹر ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنا کر سڑک کھلوا دی۔ اساتذہ پولیس کا حصار توڑتے ہوئے سندھ اسمبلی گیٹ پہنچ گئے، دروازہ نہ کھلا تو اساتذہ نے غصہ گیٹ پر ہی نکال دیا۔ پولیس ایکشن میں آئی، اساتذہ پر لاٹھی چارج ، اور پکڑ دھکڑ شروع کردی، واٹر کینن اور  لاٹھی چارج سے کئی اساتذہ کی حالت غیر بھی ہوگئی۔ کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے  والے اساتذہ سندھ اسمبلی سے منشتر ہونے کے بعد واپس کراچی پریس کلب آگئے۔ ریڈ زون کی خلاف ورزی پر پولیس نے 70سے زائد اساتذہ کو حراست میں لیکر مختلف تھانے منتقل کردیا ہے۔