Friday, April 26, 2024

کنٹرول لائن کے پار کارروائی پاکستانی حدود سے جے ایف 17طیاروں نے کی ، آئی ‏ایس پی آر

کنٹرول لائن کے پار کارروائی پاکستانی حدود سے جے ایف 17طیاروں نے کی ، آئی ‏ایس پی آر
April 2, 2019

راولپنڈی ( 92 نیوز) پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر نے کہا کہ کنٹرول لائن کے پار کارروائی پاکستانی حدود سے جے ایف 17 طیاروں نے کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بعد میں دو بھارتی جہازوں نے خلاف ورزی کی تو انہیں پاک فضائیہ نے نشانہ بنایا، طیاروں کو ایف 16نے نشانہ بنایا یا جے ایف 17 نے؟، یہ سوال بے معنی ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کے ایف 16سمیت تمام طیارے فضا میں تھے ، دفاع کیلئے ہر صلاحیت کے استعمال کا حق ہے۔

پاک فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ 27 فروری کا واقعہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے  ، پاک فضائیہ نے دونوں بھارتی طیاروں کو اپنے دفاع میں مار گرایا، جب بھارتی طیارے آئے تو پاکستان کے ایف 16 سمیت تمام طیارے فضا میں تھے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت اپنی خواہش کے مطابق ایف 16 چن لے ، نتیجے پر فرق نہیں پڑتا، اگر ایف 16 استعمال ہوا تب بھی دو بھارتی طیارے ہی نشانہ بنے اور پاکستان دفاع میں اپنی مرضی کے مطابق ہرصلاحیت کے استعمال کا حق رکھتا ہے ۔

یاد رہے 27 فروری کو پاکستانی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے دراندازی کی کوشش کرنے پر 2 بھارتی طیارے مارے گرائے تھے اور ایک پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو گرفتار کیا تھا جسے بعد ازاں جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کردیا۔