Friday, April 26, 2024

کندھوں پر بڑی ذمہ داری ڈال دی گئی، دعا کریں: آرمی چیف

کندھوں پر بڑی ذمہ داری ڈال دی گئی، دعا کریں: آرمی چیف
November 29, 2016

اسلام آباد (92نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے میڈیا سے غیررسمی گفتگو میں کہا ہے کہ وہ میڈیا کو ساتھ لیکر چلیں گے، میڈیا پاک فوج کا مورال بلند رکھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے کندھوں پر بڑی ذمہ داری ڈالی گئی ہے اس لیے دعا کریں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا وہ میڈیا کے لوگوں کو جلد بلائیں گے، انہیں میڈیا کی سپورٹ کی ضرورت ہے۔

آرمی چیف نے کہا میڈیا میں مایوسی کی باتیں نہیں ہونی چاہئیں۔ اس موقع پر آرمی چیف نے شہید کی والدہ اور سکول کے بچوں سے بھی ملاقات کی اور ہاتھ ملایا۔ تقریب کے مہمانوں نے آرمی چیف کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔

نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جنگی مہارت کا ڈنکا بجتا ہے۔ حال ہی میں انہوں نے کنٹرول لائن پر کشیدگی کے دوران جاری تربیتی مشقوں کی خود نگرانی کی۔ ان کا تعلق بلوچ رجمنٹ سے ہے۔ شاندار پیشہ ورانہ خدمات پر انہیں ستارہ بسالت، تمغہ امتیاز ملٹری اور ستارہ امتیاز ملٹری جیسے بڑے فوجی اعزازت سے نوازا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچ رجمنٹ نے پاکستان کو 4 آرمی چیف دیے۔ پہلے جنرل یحییٰ خان، پھر جنرل اسلم بیگ اور جنرل اشفاق پرویز کیانی اور اب جنرل قمر جاوید باجوہ۔ کشمیر ہو یا شمالی علاقہ جات دونوں جگہوں پر جنرل قمر جاوید باجوہ کو پیشہ ورانہ خدمات کا وسیع تجربہ ہے۔ حال ہی میں کنٹرول لائن کے اطراف جاری تربیتی مشقیں جنرل قمر باجوہ کی ہی نگرانی میں ہوئی۔

جنرل راحیل شریف نے بھی ان مشقوں کا معائنہ کیا۔ آرمی چیف بننے سے پہلے جنرل قمر جاوید باوجوہ جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن تعینات رہے۔ اِس سے قبل 2014 کے دوران وہ کور کمانڈر راولپنڈی رہ چکے ہیں۔ جنرل باجوہ نے اقوام متحدہ کمیشن کانگو میں بریگیڈ کمانڈر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

وہ ماضی میں انفینٹری سکول کوئٹہ کے کمانڈنٹ کی ذمہ داریاں بھی سنبھال چکے ہیں۔ شاندار پیشہ وارنہ خدمات کے باعث جنرل قمر جاوید باجوہ کو ستارہ بسالت، تمغہ امتیاز ملٹری اور ستارہ امتیاز ملٹری جیسے بڑے فوجی اعزازات عطا کئے گئے۔