Monday, May 13, 2024

کمیلا ہیرس نے امریکا کی پہلی سیاہ فام نائب صدر بن کر تاریخ رقم کر دی

کمیلا ہیرس نے امریکا کی پہلی سیاہ فام نائب صدر بن کر تاریخ رقم کر دی
November 8, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) کمیلا ہیرس نے امریکا کی پہلی سیاہ فام نائب صدر بن کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ وہ ایسے موقعے پر کامیاب ہوئی ہیں جب امریکا کو نسل پرستی کے الزام کا سامنا ہے۔ کمیلا ریاست کیلی فورنیا سے سینیٹر ہیں۔ وہ جنوبی ایشیائی نسل سے تعلق رکھنے والی پہلی شخصیت ہیں جو نائب صدر منتخب ہوئی ہیں۔ کمیلا ہیرس 20 اکتوبر1964امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر آکلینڈ میں پیدا ہوئیں۔ کمالہ 2003 میں سان فرانسیکو کی اعلیٰ ڈسٹرکٹ اٹارنی منتخب کی گئیں، 2010 اور 2014 میں کمیلا نے کیلیفورنیا کی اٹارنی جنرل کی حیثیت سے فرائض انجام دئیے۔ کمیلا 1984 میں ڈیموکریٹک جیرالڈین فریرو اور 2008 میں ریپبلکن سارہ پیلن کے بعد کسی بڑی جماعت کے لیے تیسری خاتون اور پہلی سیاہ فام خاتون نائب صدارتی امیدوار تھیں جنہوں نے اب کامیابی حاصل کرلی ہے۔ 56 سالہ کمیلا ہیرس کے مقابلے میں ری پبلکن امیدوار مائیک پینس تھے، کمالہ الیکٹرز کی جانب سے جوبائیڈن کے باضابطہ انتخاب کے بعد 20 جنوری 2021 کو پہلی خاتون امریکی نائب صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گی۔ کمیلا ہیرس کی والدہ کا تعلق بھارتی ریاست تامل ناڈو سے ہے جب کہ ان کے والد ویسٹ انڈیز کی ریاست جمیکا سے تعلق رکھنے والے ایک افریقن نژاد ہیں۔ بطور امیدوار نام زدگی کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ کشمیریوں کو یہ یقین دہانی کرانے کی ضرورت ہے کہ وہ دنیا میں تنہا نہیں ہیں۔ انہوں نے کشمیر میں صورتِ حال پر نظر رکھی ہوئی ہے، ضرورت پڑے تو مداخلت کی جانی چاہیے۔ وہ ایک سال پہلے مودی حکومت کی طرف سے آرٹیکل 370 ختم کرنے کی شدید ناقد رہی ہیں۔