Saturday, April 27, 2024

کمپنیوں والے 436 پاکستانیوں کیلئے سپریم کورٹ کا دو رکنی بنچ تشکیل

کمپنیوں والے 436 پاکستانیوں کیلئے سپریم کورٹ کا دو رکنی بنچ تشکیل
November 16, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) پاناما کی گھنٹی پھربج اٹھی ۔ آف شورکمپنیوں والے436 پاکستانیوں کیلئے سپریم کورٹ نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کی درخواست پر2 رکنی بینچ تشکیل دے دیا۔ پہلی سماعت کیلئے 23نومبر کی تاریخ مقرر کردی گئی۔
ملک کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ میں پاناما کا ہنگامہ پھر شروع ہونے کو ہے ۔ شریف خاندان کے بعد اب نمبر ہے پاکستان کے ان 436افراد کا جن کی آف شور کمپنیوں کا ذکر پاناما پیپرز میں آیا تھا۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے پانامہ لیکس میں436 پاکستانیوں کا نام آنے سے متعلق جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور طارق اسد ایڈووکیٹ کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کردی ہیں ۔ جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ 23 نومبر سے سماعت کریگا ۔ بنچ کے دوسرے رکن جسٹس مقبول باقر ہیں ۔
سراج الحق نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی کہ آف شور کمپنیوں والے ان 436 پاکستانیوں کیخلاف بھی بلا امتیاز کارروائی کی جائے جن کے نام پانامہ لیکس پیپر میں آئے۔
سپریم کورٹ کا 5رکنی بنچ اس سے پہلے پانامہ کیس میں ہی نوازشریف کو وزارت عظمیٰ سے نا اہل قرار دے چکا ہے ۔ عدالت عظمیٰ کی ہدایت پراحتساب عدالت میں شریف خاندان کیخلاف کرپشن ریفرنسز کا ٹرائل بھی جاری ہے۔