Saturday, May 4, 2024

کمشنر کراچی سے ملاقات کے بعد ٹرانسپوٹرز کا گاڑیاں سڑکوں پر لانے کا فیصلہ موخر

کمشنر کراچی سے ملاقات کے بعد ٹرانسپوٹرز کا گاڑیاں سڑکوں پر لانے کا فیصلہ موخر
May 31, 2020

کراچی ( 92 نیوز) کمشنر کراچی اور ٹرانسپورٹرز اتحاد کے وفد میں ملاقات ہوئی جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے یکم جون کو گاڑیاں سڑکوں پر لانے کا پروگرام موخر کردیا  ۔

ٹرانسپورٹرز اتحاد کے رہنماارشاد بخاری نے کہا کہ  ٹرانسپورٹ اتحاد نے ہمیشہ حکومت کا ساتھ دیا ۔ انتظامیہ نے ٹرانسپورٹرز کو ٹرانسپورٹ سے متعلق جلد فیصلے کی یقین دہانی کرا دی ۔

گزشتہ دنوں اکبر روڈ پر  پریس کانفرنس کرتے ہوئے کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری  نے کہا تھا کہ  حکومت نے تاجروں کو کاروبار کرنے کی اجازت دی جبکہ ہمیں کئی دفعہ یقین دہانی کرائی مگر ٹرانسپورٹ نہیں چلانے دیا اب حکومت  اگر طاقت کا استعمال کرنا چاہتی ہے  تو شوق سے کرے ہم گرفتاریوں کیلئے تیار ہیں ۔

ارشاد بخاری نے حکومت کو یقین دہانی کرائی کہ ٹرانسپورٹرزماسک ،سیناٹائیزرز اور اسپرے کروائیں گے اور ڈرائیوروں کو  بھی پابند کرینگے کے ایس او پیز پر عملدرآمد ہو۔

دوسری جانب ‏سندھ حکومت نے ٹرانسپورٹ چلانے کا فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے مشروط قراردیدیا،وزیرِ ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ کا کہنا ہے کہ ‏سندھ میں ٹرانسپورٹ چلانے کا فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی اجلاس کے بعد کریں گے ۔