Friday, April 19, 2024

کمانڈر سلیمانی کی موت کے بعد ایرانی ہیکرز کے امریکی ویب سائٹس پر حملے

کمانڈر سلیمانی کی موت کے بعد ایرانی ہیکرز کے امریکی ویب سائٹس پر حملے
January 6, 2020
 بغداد (92 نیوز) کمانڈر سلیمانی کی موت کے بعد ایرانی ہیکرز نے امریکی ویب سائٹس پر حملے شروع کر دیئے۔ ایرانی ہیکرز نے امریکا کی فیڈرل ڈیپوزٹری لائبریری پروگرام کی ویب سائٹ ہیک کرلی جہاں امریکا مخالف گرافکس پوسٹ کردی گئی ہیں۔ ہیکرز کا کہنا ہے کہ یہ صرف ایران کی سائبر قابلیت کا ایک چھوٹا سا مظاہرہ ہے۔ ادھر جنرل سلیمانی کی موت کا بدلہ لینے کے معاملے پر مشرق وسطیٰ میں جنگ کا خطرہ ہر لمحہ بڑھنے لگا۔ امریکا نے خطے میں اپنی فورسز کی تعداد بڑھانا شروع کر دیں۔ تین ہزار اہلکاروں کو مشرق وسطیٰ روانہ کر دیا ہے جو ملٹری گاڑیوں اور جنگی طیاروں سے لیس ہیں۔ بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں برطانیہ بھی پیچھے نہ رہا جس نے اپنے دو جنگی بیڑے خلیج فارس روانہ کر دیئے ہیں۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اجلاس میں اراکین نے امریکا مردہ باد کے نعرے لگا دئیے۔ چیئرمین پارلیمنٹ علی لاریجانی نے صدر ٹرمپ کو پکارتے ہوئے  کہا کہ آپ نے ایک بڑا جرم سرزد کیا ہے۔ یہ ایڈونچر آپ کو تکلیف دہ نتائج دے گا۔ دوسری جانب ترک صدر طیب اردوان نے جنرل قاسم سلیمانی کی موت کو امریکی حماقت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں دیرپا امن کیلئے بیرونی مداخلت کو روکنا ہو گا۔