Sunday, September 8, 2024

کم لاگت زیادہ کمائی ، ہارر فلمیں ہالی وڈ میں منافع بخش کاروبار بن گیا

کم لاگت زیادہ کمائی ، ہارر فلمیں ہالی وڈ میں منافع بخش کاروبار بن گیا
August 22, 2015
لاس اینجلس (ویب ڈیسک) ہارر فلمیں ہالی وڈ میں سب سے زیادہ منافع بخش کاروبار بن گیا۔ ہالی وڈ کے حوالے سے ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کم بجٹ میں کمائی کے لحاظ سے ہارر فلمیں سرفہرست ہیں۔ ہالی وڈ میں ایسے پروڈیوسر جن کے پاس سرمایہ کم تھا انہوں نے ہارر فلمیں بنانے کو ترجیح دی کیونکہ ہارر فلمیں کم لاگت میں بن جاتی ہیں مگر ان سے کمائی دگنا ہوتی ہے۔ اس لحاظ سے دیکھا جائے تو ہالی وڈ میں ہارر فلموں کا کاروبار کمائی کا اچھا ذریعہ ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2010ءسے لیکر 2015ءتک 100 بلاک بسٹر فلموں میں ہارر فلموں نے شاندار کاروبار کیا۔ زیادہ کمائی کرنے والی ہارر فلموں میں دی کنجیورنگ، انسیڈیس چیپٹر2، دی ڈیول انسائیڈ، پیرانارمل ایکٹیویٹی دوسرا اور تیسرا حصے نے نام بھی کمایا اور سرمایہ بھی سمیٹا۔ رپورٹ میں یہ بات بھی واضح کی گئی کہ اگرچہ موسم گرما کی سب سے بڑی فلم جراسک ورلڈ ٹھہری مگر یہ بات قابل غور ہے کہ اس فلم نے ایک اعشاریہ چھ بلین ڈالر منافع کمایا اور اس پر تین سو ملین ڈالر لاگت آئی۔ اس کے مقابلے میں پیرانارمل ایکٹیویٹی ٹو نے دو سو چھتیس ملین ڈالر کمائے لیکن اس پر لاگت صرف نو اعشاریہ چار ملین ڈالر رہی۔ اس لحاظ سے ہارر فلمیں کم لاگت میں زیادہ کمائی والی بن گئیں۔