Saturday, April 20, 2024

کم عمر ڈرائیورز کیخلاف کراچی پولیس کی کارروائی ناکام

کم عمر ڈرائیورز کیخلاف کراچی پولیس کی کارروائی ناکام
July 13, 2019
کراچی ( 92 نیوز) ایک طرف تو کراچی میں ہیلمٹ مہم جاری ہے  ، دوسری جانب ٹریفک پولیس ہیوی ٹریفک اور کم عمر ڈرائیورز  کے خلاف کارروائی میں ناکام ہوگئی، 8 سالہ بچی سڑکوں پر واٹر ٹینکر دوڑاتی رہی، کسی نے ایکشن لینا گوارہ نہ کیا۔ کراچی میں آٹھ سالہ بچی سڑکوں پر واٹر ٹینکر دوڑانے لگی، شہریوں کی زندگیاں داو پر لگ گئیں اور ٹریفک پولیس ہیلمٹ مہم میں پھرتیاں دکھارہی ہے۔ شیر شاہ سے رشید آباد تک کی سڑکوں پر کئی ٹریفک چوکیاں، قدم، قدم پر ٹریفک افسران اور اہلکار موجود تاہم کسی نے بھی آٹھ سالہ بچی کے ٹینکر چلانے پر ایکشن نہیں لیا، بچی کے ٹینکر چلانے نے ٹریفک پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگادیئے ہیں۔ دوسری جانب بچی کا کہنا ہے کہ غریب لوگ ہیں، والد کو فالج ہے، کمانے والا کوئی نہیں۔ ادھر ڈی آئی جی ٹریفک نے بچی کے ٹینکر چلانے کا نوٹس لے  لیا، جاوید مہر کہتے ہیں کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کارروائی ٹریفک قوانین کا حصہ ہے، ایکشن لیں گے۔ ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کارروائی مزید تیز ہوگی، والدین بچوں کو گاڑیاں ہرگز نہ دیں۔