Friday, April 19, 2024

کم عمر ترین مائیکروسافٹ ماہر ارفع کریم کو بچھڑے 5سال بیت گئے

کم عمر ترین مائیکروسافٹ ماہر ارفع کریم کو بچھڑے 5سال بیت گئے
January 14, 2017

لاہور (92نیوز) نو سال کی عمر میں مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل کا امتحان پاس کرکے دنیا میں تہلکہ مچانے والی پاکستان کی ہونہار بیٹی ارفع کریم کو ہم سے بچھڑے پانچ سال برس بیت گئے۔ تفصیلات کے مطابق دو فروری انیس سو پچانوے کو فیصل آباد کے ایک نواحی گاؤں چار چک رام دیوالی میں جنم لینے والی ارفع کریم نے نو سال کی عمر میں کمپیوٹر کی دنیا میں وہ پہاڑ سر کرلیا جو بڑے بڑے پہلی کوشش میں نہیں کرسکتے۔

ایم سی پی کا امتحان دنیا میں سب سے کم عمری میں پاس کرنے پر مائیکرو سافٹ کمپنی کے مالک بل گیٹس نے ارفع کریم کو امریکہ بلواکر ملاقات کی اور اس کی غیر معمولی ذہانت کا اعتراف کیا۔ حکومت پاکستان نے قوم کی اس عظیم بیٹی کو تمغہ حسن کارکردگی، فاطمہ جناح طلائی میڈل اور سلام پاکستان یوتھ ایوارڈ سے نوازنے کے علاوہ لاہور کا سافٹ وئیرٹیکنالوجی پارک اس کے نام سے منسوب کردیا۔

بائیس دسمبر دوہزار گیارہ کو ارفع کریم کو مرگی کا دورہ پڑا، طبیعت بگڑنے پر اسے سی ایم ایچ لاہور منتقل کیا گیا جہاں وہ کومہ کی حالت میں رہیں اور چودہ جنوری دوہزار بارہ کو وہ اس دار فانی سے کوچ کرگئی۔