Sunday, September 8, 2024

کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل ارفع کریم کو ہم سے بچھڑے نو برس بیت گئے

کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل ارفع کریم کو ہم سے بچھڑے نو برس بیت گئے
January 14, 2021

فیصل آباد (92 نیوز) کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل ارفع کریم کو ہم سے بچھڑے نو برس بیت گئے۔ ارفع کریم نے آئی ٹی کی دنیا میں تہلکہ مچایا۔

ارفع کریم آئی ٹی کی دنیا کا ایک ایسا ستارہ جس نے ٹوٹ کر بھی اپنی روشنی کو مانند نہ پڑنے دیا۔ 2004 میں صرف 9 برس کی عمر میں مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل کا امتحان پاس کیا۔ صرف یہی نہیں بلکہ دبئی کے فلائنگ کلب میں صرف دس سال کی عمر میں طیارہ اڑا کر سب کو حیران کر دیا۔

ارفع کریم کی صلاحیتوں پر انہیں صدارتی پرائیڈ آف پرفارمنس ، سلام پاکستان یوتھ ایوارڈ اور فاطمہ جناح گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ ارفع کریم نے نہ صرف پاکستان بلکہ امریکا اور دبئی بھی اپنی صلاحیتیں منوائیں اور تو اورمائیکروسافٹ کمپنی کے چئیرمین بل گیٹس نے انکو پاکستان کے چہرے کا نام دیا۔

ارفع کریم کا آبائی گاوں 2 چک رام دیوالی جسے "ارفع کریم آباد" کے نام سے منسوب تو کر دیا گیا لیکن اسے ماڈل ویلیج بنانے کا حکومتی وعدہ وفا نہ ہو سکا۔ گاؤں میں گیس اور صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات ہی ناپید اور جبکہ گلیاں خستہ حال ہیں۔ ارفع کے نام سے منسوب گاوں کی کمپیوٹر لیب بھی ختم کر دی گئی جبکہ فیصل اباد میں آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام کا منصوبہ بھی ٹھپ ہونے سے ارفع کے خواب کو تعبیر نہ مل سکی۔

ارفع کریم ایک باذوق شاعرہ ، نعت خوان  اور بحث و مباحثے میں بھی کسی سے کم نہ تھیں۔ کم عمر گوہر نایاب سے اگر زندگی وفا کرتی تو نامعلوم اور کتنے ہی کارنامے سرانجام دیتی اور کتنے ہی اعزازات ملک و قوم کا مقدر بنتے۔