Friday, April 19, 2024

کلرکہار دل موہ لینے والے نظاروں کا حامل تفریحی مقام

کلرکہار دل موہ لینے والے نظاروں کا حامل تفریحی مقام
April 15, 2018
چکوال (92 نیوز) دل موہ لینے والے نظاروں کا حامل تفریحی مقام کلرکہار سیاحوں کیلئے جنت سے کم  نہیں ۔ بلند وبالا پہاڑ، بہتے چشمے، ہوا سے باتیں کرتے گھنے پیڑ، لوکاٹ کے باغات، جھیل کی بل کھاتی بےچین لہریں اور موروں کی دل موہ لینے والی سریلی آواز وادی کلرکہار کے حسن کو چار چاند لگا دیتے ہیں ۔ معروف تفریحی مقام کلرکہار میں جھیل کے پانیوں پر محو پرواز پرندے بیتے زمانوں کے گیت سناتے ہیں تو بابری عہد کے جنگلات سیاحوں کو زمان ومکان کی قید سے آزاد کر کے ماضی میں دھکیل دیتے ہیں ۔ قدرت کی صناعی کا حسین شاہکار کلرکہار سیاحوں کے لئے کسی جنت سے کم نہیں، دور دراز سے سیاح موروں کی وادی  کا رخ کرتے ہیں اور پھر اس کے حسن کے اسیر ہو جاتے ہیں ۔ چکوال سے بیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع کلرکہار میں تخت بابری اور جنگلات مغل بادشاہ ظہیرالدین بابر سے منسوب حسین تاریخی ورثہ ہیں جبکہ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کے پوتے حضرت آہو باہوؒ کا مزار بھی مرکز نگاہ اور باعث فیوض وبرکات ہے ۔ سالٹ رینج کا یہ خوبصورت علاقہ اپنے اندر ہزاروں سال پرانی تاریخ چھپائے ہوئے ہے، جو کسی کھوجنے والی نگاہ کا منتظر ہے۔