Sunday, September 8, 2024

کلثوم نوازکےکاغذات نامزدگی کو چیلنج کر دیا گیا

کلثوم نوازکےکاغذات نامزدگی کو چیلنج کر دیا گیا
August 15, 2017

لاہور(92نیوز)پیپلز پارٹی اور عوامی تحریک نےاین اے ایک سو بیس کے ضمنی انتخابات میں ن لیگی امیدوار کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کر دیا ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کے خلاف الیکشن کمیشن میں بھی اعتراضات جمع کرادیئے گئے ہیں۔

تفصیلات کےمطابق پیپلزپارٹی کے رہنما اور این اے 120 سے امید وار فیصل میر نے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات اٹھائے اور موقف اختیار کیا کہ کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی میں بیان کردہ اثاثوں کی تفیصلات جے آئی ٹی کی رپورٹ سے مطابقت نہیں رکھتے. فیصل میر نے یہ بھی اعتراض اٹھایا کہ کلثوم نوازایک ایسی سیاسی جماعت  کی امید وار ہیں جس کے سربراہ نااہل ہو چکے ہیں اور قانون کے تحت مسلم لیگ نون کے ٹکٹ اور انتخابی نشان پر انتخاب نہیں لڑ سکتی.

عوامی  تحریک کے امیدوار اشتیاق چودھری  نے کلثوم نواز کے کاغذات پر بھی اعتراضات اٹھائے اور یہ نکتہ اٹھایا کہ کلثوم نواز نے کاغذات نامزدگی میں اقامہ کا معاہدہ ساتھ نہیں لگایا.  پیپلزپارٹی  اور عوامی تحریک کے امیدواروں نے استدعا کی کہ کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں. ریٹرننگ آفیسر نے  کلثوم نواز کو ان کے  کاغذات نامزدگی کے جانچ پڑتال کیلئے 17 ستمبر کو طلب کر لیا.