Thursday, May 2, 2024

کلثوم نواز کی صحت بتدریج بہتر ، فیملی ذرائع

کلثوم نواز کی صحت بتدریج بہتر ، فیملی ذرائع
June 24, 2018
لندن (92 نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا لندن میں علاج جاری ہے ۔ فیملی ذرائع کے مطابق کلثوم نواز کی صحت بتدریج بہتر ہو رہی ہے ۔ بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی دنوں سے  لندن کے ہارلے سٹریٹ کلینک میں زیر علاج ہیں ۔ نائنٹی ٹو نیوز نے سابق وزیر اعظم نواز شریف،مریم نواز اور حسین نواز کی  تصاویر حاصل کرلیں جن میں انہیں ڈاکٹروں کیساتھ مشاورت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مشاورت میں اسحاق ڈار اور خواجہ آصف بھی موجود تھے ۔ ہارلے کلینک کے باہر میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف  نے کہا کہ کیا ان حالات میں جب کلثوم وینٹی لیٹر پر ہیں میں پاکستان جانے کا سوچ سکتا ہوں ، سیاسی باتیں یہاں پراچھی نہیں لگتی ، پاکستان واپس جا کر سیاست کروں گا، آپ کی دعاؤں کا بہت بہت شکریہ،  دعائیں کرنے پر پوری قوم کا احسان مند ہوں ۔ لندن  4 دن قیام کا ارادہ تھا مگر جب سے آیا ہوں بیگم کلثوم سے بات نہیں ہو سکی ۔ پاکستان واپسی سے قبل خواجہ آصف نے بھی ہارلے کلینک کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت سنبھلنے تک نواز شریف لندن میں قیام کرسکتے ہیں۔ نواز شریف کی احتساب عدالت پیشی پر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو نیب عدالت سے مزید استثنیٰ نہ ملا تو سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔