Monday, September 16, 2024

کلبھوشن یادیو کے معاملے پر کوئی  بیرونی دباؤ قبول نہیں کریں گے :وزیراعظم

کلبھوشن یادیو کے معاملے پر کوئی  بیرونی دباؤ قبول نہیں کریں گے :وزیراعظم
April 12, 2017
اسلام آباد(92نیوز)وزیراعظم نوازشریف  کہتے ہیں کہ  بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملے پر کوئی  بیرونی دباؤ قبول نہیں کریں گے معاملے کو دنیا بھر میں اٹھایا جائے گا  پاناما کیس کا جو بھی فیصلہ آیا تسلیم کریں گے۔ کابینہ نے  گھریلو و صنعتی گیس کنکنش پر پابندی ختم کرنے  اور حج پالیسی 2017کی منظوری بھی  دیدی۔ تفصیلات کےمطابق  وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ  کے اجلاس میں  اہم فیصلے  کیے گئے۔وزیر اعظم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کا اعتراف کیا،کلبھوشن کو قانون کے مطابق سزائے موت سنائی گئی،اس معاملے پر کوئی دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا بلکہ بھر پور  قوت کے ساتھ معاملے کو بین الاقوامی سطح پر اٹھائیں گے،ان کا کہنا تھا کہ  پانامہ کیس پر حکومت ہر فیصلہ قبول کریگی ۔کسی کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کابینہ نے ملک بھر میں گھریلو و صنعتی گیس کنکشن پر پابندی ختم کرنے کی منظوری دے دی،منظوری کے بعد حکومت کے اعلان کردہ تمام گیس منصوبوں پر عملدرآمد کیا جائے گا ۔کابینہ اجلاس میں  متوسط طبقے کے لیے رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی،کمیٹی 10 روز میں اپنی سفارشات مرتب کریگی اور آئیندہ اجلاس میں رپورٹ پیش کریگی۔ کمیٹی میں احسن اقبال۔خواجہ سعد رفیق،وفاقی سیکرٹریز،سٹیٹ بنک اور نیشنل بنک کے نمائندے شامل ہونگے، وفاقی  کابینہ نے حج پالیسی 2017 کی منظوری دیدی،وزیر اعظم نے حج اخراجات میں اضافے کی تجویز مسترد  اور گزشہ سال کے حج اخراجات برقرار رکھنے کی ہدایت کردی۔