Friday, April 19, 2024

  کلبھوشن یادیو کے حوالے سے ڈوزئیر اقوام متحدہ کو جمع کرا دیا ہے: ترجمان دفتر خارجہ

   کلبھوشن یادیو کے حوالے سے ڈوزئیر اقوام متحدہ کو جمع کرا دیا ہے: ترجمان دفتر خارجہ
January 19, 2017
اسلام آباد(92نیوز)پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے حوالے سے ڈوزئیر اقوام متحدہ کو جمع کرا دیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث اور دہشتگردوں کو مالی معاونت فراہم کررہا ہے،پاکستان نےدہشتگردی کے حوالے سے افغانستان کے الزامات کو بھی مسترد کردیا ہے۔ تفصیلات کےمطابق اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ  پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ رہا ہے، کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور اقبالی بیان اس کا واضح ثبوت ہے۔  نفیس زکریا نے افغانستان کے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان کا مخلص دوست ہے، کچھ عناصر پاک افغان تعلقات خراب کرنے کے در پے ہیں۔ پاکستان افغانستان میں قیام امن اور بحالی کیلئے بھرپور تعاون کر رہا ہے۔  ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ روکنے کی تجویز دے چکا ہے لیکن بھارت نے پاکستان کی تجویز کا مثبت جواب نہیں دیا۔  مقبوضہ کشمیر میں معصوم جانوں کے ضیاع پر مذمت کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ  کشمیر میں نسل کشی اور ریاستی دہشت گردی عروج پر ہے، پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔