Wednesday, May 8, 2024

کلبھوشن یادیو کا مقدمہ 18 فروری کو سماعت کیلئے مقرر

کلبھوشن یادیو کا مقدمہ 18 فروری کو سماعت کیلئے مقرر
February 14, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) عالمی عدالت انصاف بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کے مقدمے پر 18 فروری کو سماعت کا آغاز کرے گی ۔ پاکستان نے مقدمہ کی تیاری مکمل کر لی ۔ ذرائع کے مطابق وکیل خاور قریشی مقدمہ لڑیں گے ۔ وزارت خارجہ اور قانون کے اعلی حکام کا وفد ہیگ، ہالینڈ پہنچے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے عالمی عدالت 18 سے 21 فروری تک، 4 روز مقدمہ کی سماعت کرے گی ۔ مقدمہ میں 18 فروری کو بھارت جبکہ 19 فروری کو پاکستان اپنے دلائل دیگا ۔ عالمی عدالت میں 20 فروری کو بھارت اپنا جواب دے گا جبکہ پاکستان، بھارت کے جواب میں اپنے جواب الجواب دلائل 21 فروری کو دیگا ۔ پاکستان، عالمی عدالت انصاف کے دائرہ اختیار پر بھی دلائل دے گا ۔ بھارت کو عالمی عدالت سے کمانڈر کلبھوشن کی بریت، رہائی یا وطن واپسی کا فیصلہ نہ ملا تو پاکستان کی جیت ہو گی ۔ عالمی عدالت انصاف نے کمانڈر کلبھوشن کو قونصلر رسائی دینے یا نہ دینے کا فیصلہ بھی کرنا ہے ۔ عالمی عدالت 3 سے 4 ماہ، مئی یا جون تک حتمی فیصلہ سنا سکتی ہے ۔