Thursday, April 18, 2024

کلبھوشن سزا کیخلاف اپیل نہیں کرتا تو حکومت معاملے کو آگے بڑھائے گی ، ترجمان دفتر خارجہ

کلبھوشن سزا کیخلاف اپیل نہیں کرتا تو حکومت معاملے کو آگے بڑھائے گی ، ترجمان دفتر خارجہ
September 3, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کلبھوشن یا بھارت سزا کیخلاف اپیل نہیں کرتے تو حکومت پاکستان خود معاملے کو آگے بڑھائے گی۔ پاکستان قومی سلامتی اور علاقائی امن کے تحفظ کیلئے تیار ہے۔ ایف اے ٹی ایف کے امور پر عملدرآمد کیلئے ہر ممکن کاوشیں جاری ہیں۔ گستاخانہ خاکوں کا سنگین معاملہ سویڈن، ناروے اور فرانس کی حکومتوں کے ساتھ اٹھایا ہے۔ زاہد حفیظ چوہدری نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا مقبوضہ جموں و کشمیر میں لاک ڈاؤن، مواصلاتی، میڈیا بندش کو 395 روز بیت گئے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک ہفتے میں بھارتی فورسز کی بربریت سے 20 مزید کشمیری شہید ہو گئے۔ بھارتی قابض فورسز نے چند ماہ میں جعلی مقابلوں میں 300 کشمیری شہید کر دیئے۔ پیلٹ گنز کے غیرقانونی استعمال سے درجنوں کشمیری شدید زخمی، بینائی سے محروم ہو گئے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی انسانیت سوز مظالم کی براہ راست ذمہ داری ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ہندی زبان کے زبردستی نفاذ کی پر زور مذمت کرتے ہیں ۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا پاکستان، کشمیری عوام ہندوستان کے غیرقانونی غاصبانہ اقدامات کو مسترد کرتے ہیں ۔ بھارت عالمی قوانین، چوتھے جنیوا کنونشن کی پرزور مذمت کرتے ہیں ۔ عالمی برادری ہندوستان کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے روکے۔ دنیا، ہندوستان کو لاک ڈاؤن، مواصلاتی بندش کے خاتمے پر مجبور کرے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے دہلی میں بھارتی پولیس کے مسلمانوں کیخلاف ظلم و ستم کو آشکار کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان نے 4 بھارتی دہشتگردوں کی اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی دہشتگردی کی فہرست میں شمولیت کی سفارش کی۔ گوندا پٹنائک اور انگارا اپاجی کو اقوام متحدہ فہرست سے نکالنے کی مذمت کرتے ہیں۔ بھارت، پاکستان میں دہشتگردی کیلئے ٹی ٹی پی، جماعت الاحرار سمیت دیگر دہشتگرد تنظیموں کی معاونت کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا بھارت کے 5 اگست 2019ء کے یکطرفہ اقدامات نے خطے کے امن کو خطرات سے دوچار کر دیا۔ ۔ چین کے ساتھ تازہ ترین بھارتی جھڑپیں بھارتی بالادستی کے حصول پر مبنی اقدامات کا تسلسل ہے۔ چین، بھارت سرحدی تنازعات کا پرامن حل خطے کے امن کے مفاد میں ہے۔ پاک چین دوستی خطے میں امن وستحکام کی ضامن ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا بھارتی جاسوس، نیوی کمانڈر کلبھوشن یادیو سے متعلق عالمی عدالتی فیصلے پر من و عن عملدرآمد چاہتے ہیں۔ پاکستان نے تیسری قونصلر رسائی فراہم کی تاکہ سزائے موت کیخلاف نظرثانی کی درخواست دائر کر سکے۔ پاکستان، عالمی عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے بھارت کو ایک اور قونصلر رسائی دے سکتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا پاکستان، شنگھائی تعاون تنظیم کے 9، 10 ستمبر کو وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریگا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت بارے جلد آگاہ کیا جائے گا۔