Thursday, April 18, 2024

کلبھوشن کی والدہ کو بھی ویزا دینے کا معاملہ زیر غور ہے ، ترجمان دفتر خارجہ

کلبھوشن کی والدہ کو بھی ویزا دینے کا معاملہ زیر غور ہے ، ترجمان دفتر خارجہ
November 23, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ کلبھوشن کی اہلیہ کے ساتھ والدہ کو بھی ویزا فراہمی کا معاملہ زیر غور ہے ۔ افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور افیون کی کاشت پر تشویش ہے ۔ امریکی وزیر دفاع کا دورہ چند ہفتوں میں ہو گا ۔ بنگلا دیش میں جماعت اسلامی کے ارکان کو سزائے موت پر تحفظات ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے اہلیہ کی ملاقات کی پیشکش انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی ۔ کلبھوشن کی والدہ کی ملاقات کا معاملہ زیر غور ہے ۔ بھارت کامریضوں کوانسانی بنیادوں پرویزہ فراہمی کے معاملے کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنا افسوسناک ہے ۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی سیکریٹری دفاع جیمز میٹس کا دورہ پاکستان آئندہ چند ہفتوں میں متوقع ہے ۔ امریکی کانگریس نے 70کروڑ ڈالرز کے اتحادی امدادی فنڈ کو مشروط کیا ۔ افغانستان میں دہشتگردوں کیخلاف موثر کارروائی کا امریکی بیان خوش آئند ہے ۔ پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ملا فضل اللہ اور کالعدم تنظیمیں بھارتی ایجنسی را سے رابطے میں ہیں ۔ تمام ثبوت موجودہیں ،معاملہ افغان حکام کیساتھ اٹھایا ہے ۔ افغانستان میں43 فیصد علاقہ داعش و دہشتگردوں کی آماجگا ہ ہے جبکہ افیون کی کاشت اور منشیات سمگلنگ کا مرکز ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور مزید 12 کشمیری شہید کرنے کی مذمت کی ۔ دفتر خارجہ نے کنٹرول لائن اور ورکنگ باﺅنڈری پر بھارتی جارحیت کو امن کیلئے خطرہ قرار دے دیا ۔ جماعت اسلامی کے 6 راہنماﺅں کو سزائے موت دینے کے بنگلہ دیشی فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ۔
دفتر خارجہ نے وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب سے لاعلمی کا اظہار کردیا۔