Thursday, March 28, 2024

کلبھوشن جادیو کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا لارجر بینچ تشکیل

کلبھوشن جادیو کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا لارجر بینچ تشکیل
August 7, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) کلبھوشن جادیو کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا لارجر بینچ تشکیل دے دیا گیا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بینچ میں شامل ہیں۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں لارجر بینچ 3 ستمبر کو سماعت کرے گا۔ اٹارنی جنرل بھارت اور کلبھوشن کے جواب سے آگاہ کریں گے۔ قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے کلبھوشن جادیو کیس کا تحریری حکمنامہ جاری کیا تھا۔ عدالت نے کلبھوشن معاملے پر لارجر بنچ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ حکمنامہ میں کہا گیا تھا کہ فی الحال کلبھوشن کیلئے خود وکیل مقرر کرنے سے اجتناب کر رہے ہیں۔ بھارت اور کلبھوشن کو موقع دیتے ہیں کہ خود وکیل مقرر کریں۔ حکومت کو عدالتی فیصلے سے بھارت اور کلبھوشن کو آگاہ کرنے کا حکم بھی دیا گیا تھا ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کا ریمارکس میں کہنا تھا کہ عدالت کلبھوشن کیس میں فیئر ٹرائل کو یقینی بنائے گی۔ کیس پر غیرضروری بیان بازی سے بھی روک دیا گیا تھا ۔ کلبھوشن جادیو کو3 مارچ 2016 کو گرفتار کیا گیا تھا۔ بھارتی جاسوس سے حساس مقامات کی تصویریں، اہم دستاویزات برآمد ہوئیں۔ کلبھوشن نے اعتراف کیا کہ اس نے 2013 میں را میں شمولیت اختیار کی اور اس کے بعد بلوچستان، کراچی میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے اور علیحدگی کی تحریکیں چلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ہالینڈ کے شہر ہیگ میں قائم عالمی عدالتِ انصاف نے گزشتہ سال جولائی میں کلبھوشن یادیو کی بریت کی بھارتی درخواست کو مسترد کیا تھا۔