Friday, April 26, 2024

کلبھوشن جادیو نے اپنی سزا کیخلاف نظر ثانی اپیل دائر کرنے سے انکار کر دیا

کلبھوشن جادیو نے اپنی سزا کیخلاف نظر ثانی اپیل دائر کرنے سے انکار کر دیا
July 8, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث بھارتی خفیہ ایجنسی کے کمانڈر کلبھوشن جادیو نے اپنی سزا کیخلاف نظرثانی اپیل دائر کرنے سے انکار کردیا ہے۔ پاکستان نے بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کو ایک مرتبہ پھر قونصلر رسائی کی پیشکش کر دی،ڈی جی جنوبی ایشیاء و سارک زاہد حفیظ کہتے ہیں کہ بھارت پاکستان میں ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہے، عالمی دنیا کو ثبوت فراہم کر دئیے۔

ایڈیشنل ڈپٹی اٹارنی جنرل احمد عرفان اور ڈی جی جنوبی ایشیا وزارت خارجہ زاہد حفیظ نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو  کو دوبارہ قونصلر تک رسائی کی پیشکش کی ہے، امید ہے بھارت پاکستان کی پیشکش کا مثبت جواب دے گا، بھارتی حکومت نے اپنا وکیل پیش کرنے کی درخواست کی ہے جس کو رد کردیا ہے، صرف پاکستانی ہائی کورٹ کے لائسنس یافتہ وکلاء پیش ہوسکیں گے، کلبھوشن یادیو یا اسکا وکیل رحم کی اپیل دائر کرسکتا ہے۔

ڈی جی جنوبی ایشیا وزارت خارجہ زاہد حفیظ نے بتایا کہ پاکستان نے عالمی عدالت انصاف نے فیصلے پر من و عن عملدرآمد کیا ، بھارتی جاسوس کلبھوشن کی بھارتی ہائی کمیشن اور کلبھوشن کے اہل خانہ سے ملاقات کرائی۔

ایڈیشنل ڈپٹی اٹارنی جنرل احمد عرفان نے کہا کہ پاکستان کا قانون فیصلے کا ازسرنو جائزہ لینے کی اجازت دیتا ہے۔

پاکستان نے 17 جون2020 کو کمانڈر یادیو کو کہا تھا کہ سزا کیخلاف نظر ثانی اپیل دائر کرے تو اسے قانونی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ پاکستان میں کسی وکیل سے ہندوستانی حکومت نے کمانڈر یادیو کی اپیل کی پیروی کیلئے رابطہ نہیں کیا۔

کمانڈر کلبھوشن یادیو، قانونی طور پر منظور شدہ شخص یا بھارتی حکومت، ہائی کورٹ میں درخواست دے سکتے ہیں۔