Friday, April 19, 2024

کلاؤڈی کلاؤڈی ، مودی کو نیا لقب مل گیا

کلاؤڈی کلاؤڈی ، مودی کو نیا لقب مل گیا
May 12, 2019
نئی دہلی ( 92 نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندرمودی لمبی لمبی چھوڑنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے ، موصوف نے حال ہی میں ایسا شوشہ چھوڑا ہے کہ سیاستدانوں کےساتھ ساتھ سائنسدان بھی دنگ ہیں اور انہیں کلاؤڈی کلاؤڈی کا لقب مل گیا۔ یہ کلاؤڈی کلاؤڈی کیا ہے ، یہ  مودی جی کا نیا لقب  ہے جو ان کو سوشل میڈیا صارفین نے دیا ہے۔ موصوف لمبی لمبی چھوڑنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے  ، اسی لیے تو ایک بار پھر خود دنیا میں اپنی جگ ہنسائی کرا بیٹھے ہیں ۔ بھارتی وزیر اعظم نے بڑھک مارتے  فرمایا کہ ائیر اسٹرائیک سے پہلے  موسم خراب تھا ،سب پریشان تھے کہ بادلوں میں حملہ کیا جائےیا نہیں لیکن میرے  ذہن میں آیا کہ بارش  کی وجہ سے بھارتی طیارے پاکستانی ریڈار سے بچ سکتے ہیں ، میں  نے اپنی  فورسز سے کہا ،جائیے۔ مودی کا انٹرویو نشر ہونے کی دیر تھی  ،خود بھارتیوں نے ہی  اپنے وزیر اعظم کو نشانے پر رکھ لیا ،کسی نے مودی کو ایئر چیف مارشل، کسی نے کلاؤڈنڈر مودی  کہہ ڈالا۔ کسی نے پھبتی کسی مودی کا اگلا ہدف سورج پر لینڈ کرنا ہے ،  ایک نے تو حد ہی کر دی  اور لکھا کہ گوگل کلاؤڈ،ایپل کلاؤڈ کے بعد پیش ہے مودی کلاؤڈ۔ ایک منچلے نے   مودی کی تصویر لگا کر مرزا کلاؤڈی کے نام سے کچھ اس طرح  طنز کیا جملہ ہی پھینکتا رہا پانچ سال کی سرکار میں سوچا تھا کلاؤڈی ہے موسم نہیں آؤں گا ریڈار میں لگتا ہے انٹرویو کے وقت مودی کا دماغی مطلع ابر آلود تھا ، اس لیے تو کچھ ضرورت سے زیادہ ہی چھوڑ بیٹھے  اور اب سوشل میڈیا پرنتیجہ بھگت رہے ہیں۔