Sunday, September 8, 2024

 کلارک  کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان  

 کلارک  کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان  
August 8, 2015
نوٹنگھم(سپورٹس ڈیسک)مائیکل کلارک نے ایشز سیریز ہارنے کے بعد  انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔  آسٹریلوی کپتان شکست سے اس قدر دلبرداشتہ ہوئے کہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔ تفصیلات کےمطابق رواں سال کرکٹ کے عالمی چیمپئن کا تاج آسٹریلیا کے سر پر سجانے والے مائیکل کلارک نے سوچا بھی نہ ہو گا کہ وہ اسی سال انگلینڈ کے ہاتھوں ایشز سیریز ہار جائیں گے۔ سیریز کے چوتھے میچ میں میزبان ٹیم کے ہاتھوں تیسرے ہی دن میچ ہار کر سیریز سے بھی محروم ہونے کے بعد کلارک اس قدر دلبرداشتہ ہوئے کہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ کینگرو کپتان نے بوجھل دل کے ساتھ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں آسٹریلیا کی طرف سے ایک سو سے زائد ٹیسٹ میچز کھیلنے کا موقع ملا تاہم اب  وقت آ گیا ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیں اور وہ پانچواں ٹیسٹ کھیلنے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔ ایشز سیریز کا ابھی ایک میچ باقی ہے جو بیس اگست سے اوول میں شروع ہو کر چوبیس اگست تک جاری رہے گا۔ اس طرح اب کلارک چوبیس اگست کے بعد آسٹریلوی ٹیم کے کپتان نہیں رہیں گے۔ دورہ بنگلہ دیش میں سٹیون سمتھ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان ہوں گے جو اس وقت نائب کپتان کی حیثیت سے ٹیم کا حصہ ہیں۔