Thursday, May 2, 2024

کل کے بیان میں حقائق مسخ، مسلح افواج کی فتح کو متنازعہ بنانیکی کوشش کی گئی، آئی ایس پی آر

کل کے بیان میں حقائق مسخ، مسلح افواج کی فتح کو متنازعہ بنانیکی کوشش کی گئی، آئی ایس پی آر
October 29, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کہتے ہیں پلوامہ واقعہ کےبعد بھارت کومنہ کی کھانا پڑی، پاکستان نے اعلانیہ اور دن کی روشنی میں جواب دیا۔ کل کے بیان میں حقائق کو مسخ کیا گیا اور مسلح افواج کی فتح کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ ابھی نندن کو امن کو موقع دینے کیلئے رہا کیا گیا۔ جمعرات کے روز ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سابق گورنر محمد زبیر کا دعویٰ غلط ہے، آدھا سچ نہیں بطور ترجمان پاک فوج، پورا سچ بتایا ہے۔ صرف ایک مرتبہ بولنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، ایک نکاتی ایجنڈے پر بات کروں گا، پاکستان نے دن کی روشنی میں بھارت کو جواب دیا۔ کل ایک بیان میں تاریخ مسخ کرنے کی کوشش کی گئی۔ پلوامہ واقعے کے بعد بھارت کو منہ کی کھانا پڑی۔ پاکستان کی فتح کو دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان نے بھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن کو گرفتار کیا، پلوامہ واقعے کے بعد بھارت نے دنیا بھر میں ہزیمت اُٹھائی، پاک فوج کے بروقت اقدام نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیئے۔ ذمہ دارانہ طور پر ابھی نندن کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ بھارت اتنا خوفزدہ ہوا کہ اپنا ہیلی کاپٹر مارگرایا، پاک فوج نے بھارت کے طیارے مارگرائے، بھارتی قیادت نے شکست کا ملبہ رافیل طیاروں کی عدم دستیابی پر ڈال دیا۔ دشمن کے طیارے ہمارے طیاروں کو دیکھ کر بارود پہاڑوں پر گرا کر بھاگ گئے۔ بھارت کی شکست پاکستانی قوم کی فتح اور برتری کو کم کرنے کی کوشش کی گئی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج قیادت اور باقی فوج کو جدا نہیں کیا جاسکتا، ابھی نندن کو جنیوا کنونشن کے تحت رہا کیا گیا، اِس کی رہائی کو کسی اور چیز سے نہیں جوڑنا چاہئے، پاکستان کے فیصلے کو دنیا بھر نے سراہا، پاک فوج تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کو تیار ہے۔ دشمن کو ایسا زخم دیا جو آج تک اسے تکلیف دے رہا ہے، منفی بیانیے کا بھارتی میڈیا بھرپور فائدہ اٹھا رہا ہے، اِس کے براہ راست قومی سلامتی پر اثرات ہوتے ہیں، دشمن نے رات کی تاریکی میں پہاڑوں پر بم گرائے، اللہ کی نصرت سے ہمیں ہندوستان پر فتح نصیب ہوئی، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔