Friday, April 26, 2024

کل مجھے کوئی طاقت باہر نکلنے سے نہیں روک سکے گی : عمران خان

کل مجھے کوئی طاقت باہر نکلنے سے نہیں روک سکے گی : عمران خان
November 1, 2016
اسلام آباد (92نیوز) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ان کے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے زائد المیعاد شیل فائر کیے گئے۔ ایسی ریاستی دہشت گردی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا حکمران اپنی کرپشن چھپانے کے لیے آخری حد تک جانے کو تیار ہیں لیکن انہیں احتجاج سے کوئی نہیں روک سکتا۔ بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے اپنے کھلاڑیوں کے خلاف ہونے والی حکومتی کارروائیوں کو ظالمانہ قرار دیا اور کہا کہ ہر جمہوری ملک میں عوام کو احتجاج کا حق حاصل ہے۔ بتایا جائے کون سے قانون کے تحت کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہاہے۔ عمران خان نے شکوہ کیا کہ ان کی بہن کو بھی ان کے گھر آنے سے روک دیا گیا اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے ساتھ دشمن کی فوج جیسا سلوک کیا۔ ان کے کارکنوں کو مسلح دستے کہہ کر جھوٹ بولا گیا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے نواز شریف کو ایک بار پھر ملک کے لیے سیکورٹی رسک قرار دیا اور ان کی تلاشی یا استعفے کا مطالبہ بھی دہرایا۔ عمران خان نے وزیراعلیٰ کے پی پرویز خٹک اور کارکنوں کے حوصلے کی داد دی اور انہیں دو نومبر کا دھرنا یقینی بنانے کے لیے حکومت کے خلاف ڈٹے رہنے کی تاکید کی۔