Saturday, April 20, 2024

کفر کے اندھیروں میں اسلام کی روشنی پھیلانے والے حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے عرس کی تقریبات دعا کیساتھ اختتام پذیر

کفر کے اندھیروں میں اسلام کی روشنی پھیلانے والے حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے عرس کی تقریبات دعا کیساتھ اختتام پذیر
December 4, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) برصغیر پاک وہند میں کفر کے اندھیروں میں اسلام کی روشنی پھیلانے والے حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے عرس کی تقریبات دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئیں۔ حضرت داتا گنج بخش کے نو سو بہترویں عرس مبارک کے آخری روز رونقیں عروج پر رہیں، زائرین کی تعداد پہلے دو روز سے بھی زیادہ رہی۔ مسجد داتا دربار میں محافل قرأت ونعت کے ساتھ ساتھ روحانی وتبلیغی اجتماعات کا سلسلہ جاری رہا جس میں ملک بھر کے آستانوں کے سجادہ نشین، علمائے کرام ومشائخ عظام نے تصوف اور اولیائے کرام کی تعلیمات سمیت مختلف موضوعات پر خطابات کیے۔ درود وسلام کی محفلوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔ داتا دربار پر حاضری کیلئے آئے عقیدت مندوں میں سے کسی نے مزارشریف پر چادر پوشی کی تو کوئی عبادت میں مصروف رہا۔ کئی زائرین ٹولیوں کی شکل میں نعتیہ وعارفانہ کلام اور منقبت وسلام کے نذرانے پیش کرتے رہے۔ عرس مبارک کے آخری روز روحانی وتبلیغی اجتماعات کے پانچ سیشن ہوئے۔ رات دو بجے خطیب مسجد داتا دربار مفتی رمضان سیالوی نے دعا کرائی۔ اختتامی دعا میں امت مسلمہ اور ملک میں امن واستحکام اور قوم کی ترقی وخوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔