Thursday, April 25, 2024

کفایت شعاری مہم ، 24 لگژری سرکاری گاڑیاں فروخت نہ ہو سکیں

کفایت شعاری مہم ، 24 لگژری سرکاری گاڑیاں فروخت نہ ہو سکیں
March 16, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم کی کفایت شعاری مہم میں  24 لگژری سرکاری گاڑیاں فروخت نہ ہو سکیں ، سات بار نیلامی کا عمل ہوا مگر کسی نے چابی نہ پکڑی ۔ وزیر اعظم کی کفایت شعاری مہم میں 49 گاڑیاں فروخت کے لئے پیش کی گئیں جن میں سے 25 کا مول لگ گیا جب کہ  24 کا کوئی  خریدار نہ ملا۔ گاڑیوں کےلیے 7 مرتبہ نیلامی رکھی گئی لیکن کسی نے نہیں خریدا، بیش قیمت ،بم اور بلٹ پروف گاڑیاں ہیں۔ ایف بی آر نے حکومت کو گاڑیوں کی فروخت کےلیے نئی تجاویز دے دیں، پہلی تجویز میں کہا گیا ہے کہ گاڑیوں کو لاہوریا کراچی میں نیلام کیا جائے ،وہاں اچھے خریدار مل سکتے ہیں۔ دوسری تجویز یہ ہے کہ مہنگی گاڑیوں کو غیرملکی مہمانوں کے استعمال کےلیے واپس ان کے اداروں میں بھیج دیا جائے  ۔ وزیراعظم عمران خان نے کفایت شعاری مہم کے تحت قیمتی گاڑیوں کی نیلامی کا حکم دیا تھا۔ گاڑیوں کی نیلامی کا پہلا مرحلہ 17 ستمبر2018ء کو ہوا جس میں 102 گاڑیاں نیلام ہوئیں اور قومی خزانے میں 20 کروڑ روپے جمع  ہوئے۔