Friday, May 3, 2024

کشکول ٹوٹ نہ سکا !!! حکومت منصوبے مکمل کرنے کیلئے 45ارب ڈالر کا قرضہ لے گی

کشکول ٹوٹ نہ سکا !!! حکومت منصوبے مکمل کرنے کیلئے 45ارب ڈالر کا قرضہ لے گی
November 28, 2015
اسلام آباد (92نیوز) کشکول توڑنے کے وعدے وفا نہ ہوسکے۔ پاکستان بڑے منصوبوں کے لیے چین، جاپان اور ورلڈ بنک سمیت دیگر عالمی اداروں سے 45 ارب ڈالر کا قرضہ لے گا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نون کی حکومت اقتدار میں آنے سے پہلے کشکول توڑنے کے وعدے پورے کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ مالی مشکلات کا شکار حکومت نے بیرونی دنیا کے سامنے ہاتھ پھیلادیے ہیں۔ پاکستان نے میگا پروجیکٹس کے لیے عالمی اداروں سے 45 ارب ڈالر قرضہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چین جاپان، برطانیہ اور سعودی عرب کے علاوہ ورلڈ بنک سمیت دیگر عالمی اداروں نے پاکستان کو جاری اور نئے منصوبوں کے لیے قرضہ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔ 92 نیوز کو موصول دستاویز کے مطابق چین سے 14 ارب 72 کروڑ ڈالر قرضہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ عالمی بنک 10 ارب 74 کروڑ ڈالر کا قرضہ فراہم کرے گا۔ ایشیائی ترقیاتی بنک سے 7 ارب 71 کروڑ ڈالر قرضہ لیا جائے گا۔ جائیکا مختلف منصوبوں کے لیے 5 ارب 40 کروڑ ڈالر کا قرضہ دے گا۔ اسلامک ترقیاتی بنک 5 ارب 53 کروڑ ڈالر، سعودی فنڈ سے 61 کروڑ ڈالرکا قرضہ لیا جائے گا اور ڈی ایف آئی ڈی سے 5 کروڑ ڈالر کا قرضہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بیرونی دنیا سے کھربوں ڈالر کا قرضہ لینے والی حکومت سے عوام سوال کررہے ہیں کہ قرضوں کا یہ پہاڑ کس طرح اتارا جائے گا؟۔