Wednesday, April 24, 2024

کشمیریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ، آزادی کشمیریوں کا مقصد بن چکا، رپورٹ

کشمیریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ، آزادی کشمیریوں کا مقصد بن چکا، رپورٹ
August 25, 2019
پیرس (92 نیوز) کشمیر کی صورتحال پر فرانس کے سب سے معتبر نیوز چینل  فرانس 24 نے بھی دل دہلا دینے والی رپورٹ جاری کر دی۔  رپورٹ کے مطابق کشمیریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ آزادی کشمیریوں کا مقصد بن چکا ہے۔ نیویارک ٹائمز کے بعد فرانس کے سب سے معتبر ٹی وی چینل فرانس 24 نے بھی کشمیریوں کی بے بس حالت پر خوف طاری کرنے دینے والے انکشافات پر مبنی 15 منٹ کی رپورٹ جاری کر دی۔ فرانس 24 نے وادی کو قید خانے سے تشبیح دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب آزادی کشمیریوں کا مقصد بن چکا ہے۔ سری نگر سمیت دیگر علاقوں کی صورتحال بیان کرتے ہوئے فرانسیسی میڈیا کا کہنا ہے کہ سڑکیں ویران ہیں اور راستے خاردار تاڑیں لگا کر بند کردئیے گے ہیں، مساجد پر تالے لگ چکے ہیں۔ جہاں تک نظر جاتی ہے بھارتی فوج تعینات ہے کہ عام لوگوں حتی کہ صحافیوں کو جگہ جگہ روکا جارہا ہے۔ کسی کو باہر نکلنے کی اجازت نہیں۔ الفت نامی کشمیری خاتون سے فرانس 24 کے رپورٹر نے جب بات کی تو اس کی آہ زاری سن کر پتھر دل بھی موم ہو جائے۔ پیلٹ گنوں کا شکار کشمیری نوجوانوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ وہ بری حالت میں بھی احتجاج کر رہے ہیں۔ جسم چھلنی ہے لیکن پھر بھی آزادی کے نعرے ان کی زبان سے بلند ہو رہے ہیں۔ بھارتی حکومت کی سب اچھا کی رٹ کا بھانڈا فرانسیسی میڈیا نے پھوڑ کر رکھ دیا۔ عید کے دن وادی میں ہو کا عالم تھا۔ دکانیں بند، سڑکیں پر سناٹا اور گھروں کے دروازوں پر تالے تھے۔