Wednesday, April 24, 2024

کشمیریوں کے ساتھ ہیں، مقدمہ عالمی سطح پر لڑتے رہیں گے، عارف علوی

کشمیریوں کے ساتھ ہیں، مقدمہ عالمی سطح پر لڑتے رہیں گے، عارف علوی
October 27, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) صدر مملکت عارف علوی نے کہا کشمیریوں کے ساتھ ہیں، مقدمہ عالمی سطح پر لڑتے رہیں گے۔ صدر مملکت عارف علوی نے یوم سیاہ کشمیر پر پیغام میں کہا ستر سالوں میں کشمیر میں مظالم کی انتہا ہوئی۔ آج سے سات دہائیاں قبل مقبوضہ کشمیر پر بھارت نے قبضہ کیا۔ بھارتی ظلم سے ہمیشہ ہمارے کشمیری بہن بھائی پریشان رہے ہیں ۔ بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں ۔ کشمیر کو علیحدگی کے اصولوں کے مطابق پاکستان کا حصہ بننا تھا۔ وقت نے ثابت کر دیا قائد اعظم کا دو قومی نظریہ ہندوستان کی تقسیم کی بنیاد تھا اور رہے گا۔  کشمیریوں ، مقدمہ ، عالمی سطح ، صدر مملکت ، عارف علوی ادھر یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اس سال یوم سیاہ ماضی کی نسبت  مختلف اور نمایاں ہے۔ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے بین الاقو امی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر پر قبضہ کیا۔ 5 اگست 2019 کو مزید یکطرفہ اقدامات کے ذریعے پہلے سے متنازعہ علاقے کی حیثیت میں ترامیم کرتے ہوئے آبادیاتی ڈھانچے اور شناخت کو تبدیل کر دیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان، کشمیریوں اور مسلم امہ نے واضح طور پر قانون اور انصاف کے اس تمسخر کو مسترد کر دیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ غیر انسانی اور تضحیک آمیز سلوک کیا جارہا ہے۔ بھارتی ریاستی دہشت گردی آج پہلے سے کہیں زیادہ سفاکانہ رخ اختیار کر گئی ہے۔ عالمی برادری، بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیمیں اور عالمی ذرائع ابلاغ بھارت سے اس جبر کو ختم کرنے کا کہہ رہے ہیں۔ ادھر وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے کہا مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہونا چاہئے۔ ان کا کہنا ہے مقبوضہ وادی کی اعلیٰ قیادت جیلوں میں بند ہے۔ اسلامی ممالک نے مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی تائید کی۔ وہ وقت دور نہیں جب کشمیریوں کو آزادی ملے گی۔