Thursday, April 25, 2024

کشمیریوں نے خون سے تاریخ لکھی، جلد آزادی ملے گی، فردوس عاشق

کشمیریوں نے خون سے تاریخ لکھی، جلد آزادی ملے گی، فردوس عاشق
October 27, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق کہتی ہیں کہ وزیراعظم دنیا میں کشمیر کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، کشمیریوں نے اپنے خون سے کشمیر کی تاریخ لکھی ہے، وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کو آزادی ملے گی۔ فردوس عاشق اعوان نے کشمیر میں بھارتی مظالم پر یوم سیاہ کے موقع پر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے کشمیریوں سے ان کا وکیل اور سفیر بننے کا وعدہ کر رکھا ہے،وہ دن دور نہیں جب انہیں آزادی ملے گی ۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ہمارا کشمیریوں سے ایک جسم ایک روح کا رشتہ ہے، کشمیر کے بغیر پاکستان کا وجود نامکمل ہے۔ہم کبھی بھی اس جدوجہد میں کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی حکومت اور قوم کشمیر کا مقدمہ لڑ رہی ہے اور لڑتی رہے گی،آج کشمیری بچے اور خواتین دنیا کی طرف دیکھ رہی ہے، کیاوجہ ہے کہ اقوام متحدہ کی قرارداوں پر عمل نہیں کیا جا رہا، کشمیریوں کو ظلم وستم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس کی مثال نہیں ملتی، 27 اکتوبر کشمیریو ں سے تجدید عہد کا دن ہے۔