Wednesday, April 24, 2024

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ریلیوں کا انعقاد

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ریلیوں کا انعقاد
August 30, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ کراچی، پشاور، کوئٹہ، ملتان، جہلم ، شیخوپورہ سمیت شہر شہر عوام سڑکوں پر  آ گئی۔ مظفرآباد، میرپور، نوابشاہ ، حیدرآباد، کشمور، تھرپارکر، لاڑکانہ میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ گوادر، ڈیرہ بگٹی، نصیرآباد سمیت بلوچستان میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔ شرکاء نے عزم کیا کہ کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ گوجرانوالہ میں گوندانوالہ چوک پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بہت بڑی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کی شرکت  ہوئی۔ ریلی میں تمام مکاتب فکر کے لوگ شامل ہیں ۔ لوگوں نے کشمیری اور پاکستانی  پرچم اٹھا رکھے ہیں۔ ریلی میں موجود شرکا ہر حال میں کشمیری بہن بھائیوں کا ساتھ دینے کا عزم رکھتے ہیں۔ ادھر میاں چنوں میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پی ایف یو جے کے زیر اہتمام کلمہ چوک سے ٹی چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں  میاں چنوں کےصحافیوں کی کثیر تعداد کی شرکت ہوئی۔ نوابشاہ میں وزیراعظم کی اپیل پر  کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے  شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ ڈپٹی کمشنر روڈ اور پریس کلب کے سامنے سائرن اور قومی ترانہ بجایا گیا اور ٹریفک کو روک دیا گیا۔ ملتان میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے زیر اہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت صدر بار ناظم جنرل سیکریٹری افضل بشیر و دیگر نے کی ۔ ریلی ڈسٹرکٹ بار سے چوک کچہری تک نکالی گئی ۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی و کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے۔ شرکاء نے کشمیریوں کے حق میں نعرہ بازی کی ۔ دوسری طرف لاہور میں وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے کشمیر کی تحریک ازادی سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی میں شرکت کی۔ مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا کشمیر کی آزادی پوری پاکستانی قوم کی مشترکہ آواز ہے۔ بھارت کا یہ طرز عمل پوری دنیا میں امن کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔  ایسے وقت میں اقوام عالم اور بالخصوص مسلمان ممالک کا اتحاد بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔