Friday, April 26, 2024

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور میں تقریب ، گورنر پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی شرکت

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور میں تقریب ، گورنر پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی شرکت
August 30, 2019
 لاہور (92 نیوز) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور میں چیئرنگ کراس پر مرکزی تقریب ہوئی جس میں گورنر پنجاب چودھری سرور اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار شریک ہوئے۔ ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور کی آواز بھی کشمیریوں کی آواز میں مل گئی۔ شہر کے کونے کونے چپے چپے سے ریلیاں نکالی گئیں  جن میں کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی حمایت کی گئی۔ فیصل چوک مال روڈ پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مرکزی ریلی ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرور شریک ہوئے۔ ٹھیک بارہ  بجے پہلے سائرن بجائے گئے اور پھر پاکستان اور کشمیر کے ترانے بجائے گئے۔ ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی کامیابی اور بھارتی تسلط کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ آج قوم نے دنیا کو پیغام دیا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ سیکریٹریٹ کے باہر ریلیوں میں بڑی تعداد میں شریک لوگ  کشمیریوں کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ لاہور کالج فار وویمن یونیورسٹی میں ریلی نکلی گئی۔ ریلی کی شرکا نے کشمیریوں کے حق اور بھارت کی مخالفت میں نعرے لگائے۔ لاہور کالج فار وویمن یونیورسٹی میں کشمیر سے اظہار یکجہتی کے لیے طالبات نے ہاتھوں کی زنجیر بنائی۔ گورنمنٹ وومن کالج ٹاون شپ میں اظہار یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جی سی یونیورسٹی لاہور کے زیر اہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی  کے لئے ریلی نکالی گئی ۔پنجاب یونیورسٹی میں کشمیر کے حق میں ریلی کے شرکا کی جانب سے کشمیر کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ یوای ٹی میں نکالی گئی ریلی کی قیادت وائس چانسلر ڈاکٹر منصور سرور نے کی۔ واپڈ اہاؤس میں بھی ریلی نکالی گئی۔ صحافیوں کی تنظیم پی ایف یو جے کے زیراہتمام ریلی میں مودی کے پتلے کو پھانسی دی گئی۔ الحمرا میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے واک کا اہتمام کیا گیا۔ فاؤنٹین ہاؤس میں بھی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے واک کا انعقاد کیا گیا اور کشمیری عوام کے لیے دعا کی گئی۔ پی سی بی کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں تقریب منعقد کی گئی۔ اسپورٹس بورڈ پنجاب کے ملازمین نیشنل نے ہاکی اسٹیڈیم میں ریلی نکالی۔ لاہور ہائیکورٹ بار اور لاہور بار کے وکلا بھی کشمیریوں کے لئے سڑکوں پر نکل آئے۔ محکمہ پرائمری  اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر  کے ملازمین نے بھی کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔