Thursday, April 25, 2024

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے شاہ محمود ، پرویز خٹک اور معید یوسف کا ایل او سی کا دورہ

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے شاہ محمود ، پرویز خٹک اور معید یوسف کا ایل او سی کا دورہ
August 3, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لیے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویزخٹک اور معاون خصوصی قومی سلامتی معید یوسف نے عسکری حکام کے ہمراہ ایل اوسی سیکٹرچری کوٹ کا دورہ کیا ، اس موقع پرعسکری حکام بھی وفاقی وزرا کے ہمراہ تھے۔

دورے کے دوران عسکری حکام کی طرف سے وزیرخارجہ کو بریفنگ بھی دی گئی، وزیرخارجہ نے لائن آف کنٹرول پرتعینات پاک فوج کے جوانوں کی عظمت، ہمت اورجذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا پوری قوم اپنے ان جری سپوتوں کی جوانمردی اوربہادری پرفخرکرتی ہے۔

روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت جو مرضی کر لے ، کشمیریوں نے 5 اگست کے اقدام کو مسترد کردیا ہے ،پانچ اگست کے اقدام کوکوئی قبول نہیں کرے گا، کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد جاری رہے گی، پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

کشمیر یوں سے اظہار ِیکجہتی کیلئے وزیراعظم عمران خان پانچ اگست کو مظفرآباد کا دورہ کریں گے اور مظفر آباد میں مظاہرے میں شرکت اور حریت قیادت سے ملاقات بھی کریں گے ۔