Tuesday, April 23, 2024

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ، قلات میں ہندو پنچائیت کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ، قلات میں ہندو پنچائیت کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی
August 27, 2019
قلات (92 نیوز) قلات میں ہندو پنچائیت کے زیر اہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی احتجاجی کیلئے ریلی نکالی گئی جس میں ہندو کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستان کا ہر شہری کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پیش پیش ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم اور محصور بھائی بہنوں سے اظہار یکجہتی کے لیے شہر شہر ریلیاں  اور احتجاجی مظاہرے کیئے گئے۔ کوٹلی آزاد کشمیر میں شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ جمرود باب خیبر پر قبائلی عوام اور عمائدین نے کشمیریوں کے حق میں ریلی نکالی۔ صوابی میں نکالی گئی ریلی میں شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ ہنگو میں بھی شہریوں نے بھارت کے خلاف احتجاجی مارچ کیا۔ گوجرانوالہ میں  بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ سرگودھا  میں طلبا نے کشمیریوں کے حق میں ریلی نکالی۔ بہاولپور کے مختلف علاقوں میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں۔ فورٹ عباس میں ننھے بچے سڑکوں پر نکل آئے۔ چشتیاں میں بڑی تعداد میں شہریوں نے بھارت کے خلاف ریلی نکالی۔ اوچ شریف میں مذہبی جماعتوں  نے یکجہتی کشمیر ریلی نکالی جس میں تمام مکاتب فکر کے علما نے شرکت کی۔ کشمور میں کشمیریوں کے حق میں ریلی نکالی گئی جس میں شرکا نے بھارتی وزیراعظم کا پتلا نذر آتش کیا۔ قمبر کی فضا بھی کشمیر بنے گا پاکستان  اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔