Wednesday, May 1, 2024

کشمیری چا ہتے مقبوضہ وادی سے فوری کرفیو اٹھایا جائے، مشعال ملک

کشمیری چا ہتے مقبوضہ وادی سے فوری کرفیو اٹھایا جائے، مشعال ملک
October 4, 2019

کراچی(92 نیوز) کشمیری حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے مزار قائدؒ پر حاضری دی ۔اس موقع پرانہوں نے کہاکہ میرا پہلا فرض تھا کہ قائد کے مزار پہ حاضری دوں،ابھی کے حالا ت کے مطابق کشمیری چا ہتے ہیں کہ مقبوضہ وادی سے فوری کرفیو اٹھایا جا ئے ، اور ان کو حق خود ارادیت وا پس دیا جا ئے۔

حریت رہنماءیاسین ملک کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ کشمیر میں جس طرح بربریت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے دل خون کے آنسو روتا ہے، میرے شوہر اس وقت ڈیتھ سیل میں ہے، میں بہت مشکل وقت سے گزر رہی ہوں۔ مقبوضہ کشمیر میں لوگ بھوکے مر رہے ہیں، ہزاروں نوجوانوں کو ٹارچر سیلز میں رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ آج کشمیر لہو لہو ہے نہ ادویات ہیں نہ ہی خوراک ہے، فاروق عبداللہ کے دور میں بھی کرفیو لگتا تھا، مگر آج معصوم بچے دودھ نہ ہونے سے مر رہے ہیں، لوگوں کو مارا جارہا ہے خوراک کے راستے بند کردیئے گئے ہیں۔

مزید کہا کہ دنیا بھارت کی جمہوریت کا خونی چہرہ دکھائے، کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ہندو ازم، کرسچن ازم یا اسلامک ازم میں کہاں ہے، کشمیری بیٹیوں کی زبردستی شادیاں کرائی جارہی ہیں ،انہیں اٹھایا جارہا ہے اور زیادتیاں کی جارہی ہیں، دنیا اپنے مالی مفادات پر کشمیر کے مسائل پر خاموش ہے مگر دنیا خطرناک نیوکلیئر فلیش پوائنٹ پر کھڑی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام اے اپیل کرتی ہوں کہ قائدؒ کے مزار سے کشمیر کی آزادی کی تحریک چلائیں، وزیر اعظم کا یو این میں خطاب بہت معنی رکھتا ہے۔