Sunday, September 8, 2024

کشمیری مظاہرین پر بھارتی فوج کی وحشیانہ فائرنگ سے 30ہلاکتیں‘ سیکڑوں زخمی

کشمیری مظاہرین پر بھارتی فوج کی وحشیانہ فائرنگ سے 30ہلاکتیں‘ سیکڑوں زخمی
July 11, 2016
سرینگر (92نیوز) مقبوضہ کشمیر میں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان مظفر وانی کے بھارتی فوج کے ہاتھوں قتل کیخلاف مظاہرے جاری ہیں۔ بھارتی فوج نے مختلف مقامات پر فائرنگ کرکے 30 کشمیریوں کو شہید اورتین سوسے زائد کو زخمی کر دیا۔ کرفیو کے باوجود نڈر کشمیری بھارتی مظالم کےخلاف سراپا احتجاج ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی میں کرفیو کے باوجود احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ نہتے شہری بھارتی گولیوں کاجواب پتھر سے دے رہے ہیں۔ سرینگر میں فوج اور سکیورٹی فورسز کے دستے گشت کر رہے ہیں۔ دکانیں‘ تجارتی مراکز، تعلیمی ادارے اور ٹرانسپورٹ بند تو موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بدستور معطل ہے۔ قابض فوج نے مقبوضہ وادی کو چھاونی میں بدل دیا ہے۔ صرف دس اضلاع میں دو لاکھ سے زائد بھارتی افواج، ستر ہزار نیم فوجی اور ساٹھ ہزار پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ نہتے کشمیری احتجاج کرنے کیلئے گھروں سے نکلتے ہیں تو قابض فوجی انہیں گولیوں کا نشانہ بناتے ہیں۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما یاسین ملک سینٹر جیل میں قید ہیں جبکہ میرواعظ عمرفاروق، شبیر شاہ اور سید علی گیلانی سمیت درجنوں حریت رہنماوں کو گھروں میں نظربند کر دیا گیا ہے۔