Tuesday, April 23, 2024

کشمیری عوام بھارتی سرکار کے سامنے بکیں گے نہ جھکیں گے، فردوس عاشق

کشمیری عوام بھارتی سرکار کے سامنے بکیں گے نہ جھکیں گے، فردوس عاشق
September 8, 2019

اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آج ایک کربلا بپا ہے ، کشمیری عوام بھارتی سرکار کے سامنے بکیں گے نہ جھکیں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے اور وہ دن دور نہیں جب باطل مودی کو شکست فاش ہوگی ، پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر کو اپنے جسم کا حصہ سمجھتا ہے۔

معاون خصوصی نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ وزیراعظم نے بیمار صنعتوں کو بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ، صنعت نہیں چلے گی تو معیشت کا پہیہ بھی نہیں چلے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت محنت کشوں کو تحفظ دینے جارہی ہے اورمزدور کے تحفظ پر کسی صورت سمجھوتا نہیں ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیروزگاری ختم کرنے کیلئے وزیراعظم نے عملی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ صنعتوں میں انسپکٹر لیس رجیم شروع کر نے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بحالی کے لئے ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ کاروباری طبقے کے حقوق کا بھی تحفظ کیا جائے گا، معیشت کو زہر آلود ٹیکا سابق حکومت نے لگایا۔