Thursday, April 25, 2024

کشمیری حریت رہنما محمد اشرف صحرائی بھارتی جیل میں انتقال کر گئے

کشمیری حریت رہنما محمد اشرف صحرائی بھارتی جیل میں انتقال کر گئے
May 6, 2021

نئی دہلی (92 نیوز) بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے سینئر رہنما، سید علی گیلانی کے قریبی ساتھی اور تحریک حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین اشرف صحرائی بھارتی جیل میں انتقال کر گئے۔

بزرگ کشمیری رہنما کالے قانون ’’پبلک سیفٹی ایکٹ‘‘ کے تحت جموں کی ادھمپور جیل میں قید تھے جہاں طبی سہولیات نہ ملنے کی وجہ سے انکی صحت تباہ ہوئی ۔ انکا وزن 13 کلو کم ہو گیا اور ایک آنکھ کی بینائی بھی چلی گئی۔ انہیں گزشتہ روز جموں کے ہسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں چند گھنٹوں بعد ان کا انتقال ہو گیا۔

اشرف صحرائی 1944 میں ٹکی پورہ لولاب ضلع کپواڑہ میں پیدا ہوئے۔ زمانہ طالب علمی سے ہی وہ حریت پسندانہ سرگرمیوں کا حصہ بن گئے۔ پہلی بار 22 سال کی عمر میں گرفتار ہوئے، تب سے 77 سال کی عمر میں جیل میں انتقال تک زندگی کا زیادہ حصہ بھارتی زندانوں میں گزارا۔ 19 مئی 2020 کو قابض بھارتی افواج سے لڑتے ہوئے انکے بیٹے جنید صحرائی نے شہادت پائی تھی۔

حریت رہنما یسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے ویڈیو پیغام کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کا ایک اور چراغ گل ہو گیا۔ یسین ملک تہاڑ جیل میں ہیں، انکی جان کو بھی خطراک لاحق ہیں۔