Friday, April 19, 2024

کشمیری بھارت کے بدترین مظالم اور جبر کا شکار ہیں، شاہ محمود قریشی

کشمیری بھارت کے بدترین مظالم اور جبر کا شکار ہیں، شاہ محمود قریشی
January 5, 2020
اسلام آباد(92 نیوز) کشمیری بھارت کے بدترین مظالم اور جبر کا شکار ہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کشمیریوں کے یوم قرارداد حقِ خودارادیت کے موقع پر پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دلانا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ نے بذریعہ قرارداد کشمیریوں کے آزادانہ، غیرجانبدارانہ حق خودارادیت کی حمایت کی، اقوام متحدہ نے جو حق دیا وہ دیگر تمام بنیادی انسانی حقوق اور آزادیوں کا سرچشمہ ہے، افسوس کشمیریوں کو انکا حق آج تک نہیں مل سکا۔ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ 5 اگست 2019ء کو بھارت نے یکطرفہ غیرقانونی، غیرآئینی اقدامات کیے، بھارتی غاصبانہ اقدامات کا مقصد مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے، بھارت کشمیریوں کے جائز حق خودارادیت کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، دنیا مذموم ارادوں پر مبنی بھارتی غیرقانونی اقدامات مسترد کر چکی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی جبر بلاروک ٹوک جاری ہے اور روز نئی حدیں چھو رہا ہے، کشمیریوں کے لاک ڈائون اور محاصرے کو 153 روز ہوچکے ہیں، کرفیو کلاک پر ایک بھی اضافی لمحہ دنیا کے اجتماعی ضمیر پر بوجھ ہے، بین الاقوامی برادری کو کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق اور آزادیوں کی حمایت کرنا ہوگی۔ وزیرخارجہ نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ تحقیقاتی کمیشن، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا ازخود جائزہ لے۔عالمی برادری، بھارت پر زور دے کہ اقوام متحدہ تحقیقاتی کمیشن کو زیر قبضہ جموں وکشمیر جانے کی اجازت دے۔ شاہ محمود کا کہنا ہے کہ اگر بھارت اتنا صاف، سچا اور شفاف ہے تو عالمی میڈیا، سول سوسائٹی کو مقبوضہ علاقوں تک رسائی دے، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد، حق خودارادیت کی فراہمی یقینی بنایا جائے، اس موقع پر انہوں نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کیساتھ ہیں جب تک انسانی وقار کیلئے ان کی جائز جدوجہد کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوجاتی، پاکستان کشمیریوں کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔