Monday, September 16, 2024

کشمیری بچوں اور شہریوں پر وحشیانہ تشدد دہشت گردی ہے : وزیرداخلہ

کشمیری بچوں اور شہریوں پر وحشیانہ تشدد دہشت گردی ہے : وزیرداخلہ
August 4, 2016
اسلام آباد (92نیوز) سارک وزرائے داخلہ کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار نے بھارتی جارحیت کو دہشت گردی قرار دےدیا۔ ان کا کہنا تھا آزادی کی جدوجہد اور دہشت گردی میں فرق ہوتا ہے۔ کشمیر کے معصوم بچوں اور شہریوں پر وحشیانہ تشدد دہشت گردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چودھرتی نثار نے نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا سارا غصہ سارک کانفرنس میں نکال لیا۔ وزرائے داخلہ کانفرنس میں انہوں نے لکھی تقریر پڑھنے کی بجائے اپنے دل کی باتیں کہہ ڈالیں اور بھارت کوخوب آئینہ دکھایا۔ انہوں نے بھارت پر واضح کیا کہ آزادی کی جدوجہد اور دہشت گردی میں فرق ہوتا ہے۔ اصل دہشت گردی کشمیر کے معصوم بچوں اور شہریوں پر وحشیانہ تشدد ہے۔ وزیرداخلہ نے بتایا کہ پٹھان کوٹ، کابل اور ممبئی بم دھماکوں کی طرح پاکستان میں بھی معصوم جانیں ضائع ہوئیں۔ الزام لگانا مسائل کا حل نہیں۔ اس کی بجائے بامقصد مذاکرات کے ذریعے حل تلاش کیا جائے۔ بھارتی وزیرداخلہ کی پوری کوشش تھی کہ ان کی چودھری نثار سے ملاقات نہ ہو اور کشمیر کا معاملہ ہی گول کر دیا جائے لیکن چودھری نثار نے اپنے بھارتی ہم منصب کی یہ کوششیں ناکام بنا دیں اور بھارت کو کرارا جواب دےکر بتا دیا کہ پاکستانی مشکل کی ہر گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کےساتھ کھڑے ہیں۔