Thursday, April 25, 2024

کشمیری 3 ماہ سے انسانی حقوق سے محروم ہیں، پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، وزیراعظم

کشمیری 3 ماہ سے انسانی حقوق سے محروم ہیں، پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، وزیراعظم
November 1, 2019
 گلگت (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا کشمیری 3 ماہ سے انسانی حقوق سے محروم ہیں۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے گلگت میں آزادی پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ظلم ہو رہا ہے۔ نریندر مودی اپنا آخری پتہ کھیل گیا ہے۔ کرفیو اٹھنے کے بعد انسانوں کا سمندر آزادی کیلئے باہر نکلے گا۔ دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو آزاد ہونے سے روک نہیں سکتی۔ عمران خان کا کہنا تھا مودی کی ظالم حکومت نے کشمیریوں پر 3 ماہ سے کرفیو لگا رکھا ہے۔ کشمیریوں کو جانوروں کی طرح بند کر کے رکھا ہوا ہے۔ ساری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ساری دنیا میں کشمیریوں کا وکیل بن کر ان کی وکالت کروں گا۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا ہمیں نہیں پتہ 1947 میں گلگت بلتستان میں کیا ہوا تھا۔ یہاں کے لوگوں نے آزادی کی جنگ لڑی اور ڈوگرہ حکومت کو شکست دی۔ گلگت بلتستان کے عوام کو آزادی کی مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا گلگت بلتستان جیسی خوبصورتی دنیا میں کہیں نہیں دیکھی ۔ پاکستان کو سیاحت کیلئے کھول دیا ہے۔ سیاحت سے گلگت بلتستان کی خوشحالی بڑھے گی۔ گلگت بلتستان سی پیک کا گیٹ وے ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا دہشتگردی کیخلاف جنگ جیتنے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ دہشتگردی کیخلاف قربانیاں دینے پر گلگت بلتستان کے لوگوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔