Sunday, May 12, 2024

کشمیر ہماری شہ رگ اور بقا کا مسئلہ ہے ، خواجہ آصف

کشمیر ہماری شہ رگ اور بقا کا مسئلہ ہے ، خواجہ آصف
February 3, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کشمیر ہماری شہ رگ اور بقا کا مسئلہ ہے۔ سپیکر اسد قیصر کے صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے فیصلہ کیا گیا کہ دو روز کے لیے صرف جموں وُ کشمیر کی صورتحال پر بحث ہو گی۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد سے پیلٹ گنز کا استعمال کیا گیا۔ پلوامہ واقعہ مودی کا الیکشن اسٹنٹ تھا۔ 5 اگست 2019ء کو کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی۔ ہم نے امریکا کا ساتھ دیا، اب امریکا کو افغانستان سے اپنی فوجوں کے انخلا کے لیے پاکستان کا ساتھ چاہیئے۔ صدر ٹرمپ نے انتخابات میں جانا ہے۔ مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ کشمیری آج بھی پاکستان کا پرچم لہرا رہے ہیں، کیا فائدہ ایسی قراردادوں کا جن پر عمل ہی نہ ہونا ہو، جن ممالک نے ہمارا کشمیر پر ساتھ دیا ان کے ساتھ ہم نے کیا کیا۔ راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ کشمیر انسانی مسئلہ ہے، اگر یہ حل نہ ہوا تو انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کیلئے سفارتی ایمرجنسی لگانی چاہیے تھی۔ وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان ایٹمی قوت ہوتے ہوئے دنیا کو کہہ رہا ہے دنیا مسئلہ کشمیر حل کرائیں ورنہ خطرہ پورا دنیا کو ہوگا، ہم نے مذمت تک نہیں رہنا ۔ مولانا عبدالاکبر چترالی، خالد مگسی، عابد رضا، نواب یوسف تالپور سمیت اجلاس میں تقاریر کرتے ہوئے سب اراکین نے مسئلہ کشمیر کے حل کو خطے میں امن کے لئے اہم قرار دیا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی صدر آزاد کشمیر، وزیر اعلی گلگت بلتستان اور اسپیکر آزاد کشمیر نے بھی دیکھی۔