Wednesday, May 8, 2024

کشمیر کے ایشو پر ایوان تقسیم نہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

کشمیر کے ایشو پر ایوان تقسیم نہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
December 4, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کشمیر کے ایشو پر ایوان تقسیم نہیں، مسئلے پر کمزوری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا تمام ممبران کا شکر گزار ہوں جنہوں نے کشمیر کے مسئلے پر بات کی کیونکہ یہ ایسا مسئلہ ہے جس میں کوئی تقسیم نہیں ۔ کشمیر کے مسئلے پر ہم میں کوئی ابہام نہیں کوئی تقسیم نہیں اور نہ ہی کسی کمزوری کا سوال پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا یہ مسئل آج کا نہیں ہے ، بہتر سال سے یہ مسئلہ زیر بحث رہا ہے۔ پانچ اگست کے بعد حکومت نے اپوزیشن کے تعاون سے جتنا اس مسئلے کو اجاگر کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی ۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بولے ہم نے جینوا میں بھارت کو اس قدر بے نقاب کیا کہ وہ منہ دکھانے کے قابل نہیں رہا۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے دفتر میں کشمیر کا مسئلہ بھر پور طریقے سے پیش کیا۔ کشمیر مسئلے پر اپوزیشن کے لیڈران کو فارن آفس مدعو کرتا ہوں ۔ اپوزیشن اپنی تجاویز پیش کریں ، اگر وہ قابل قبول ہوں تو ان پر مکمل عملدرآمد کروائیں گے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا پاکستان نے مسئلہ دنیا بھرمیں اٹھایا، امریکا تک نے پاکستان کے مؤقف کی تائید کی۔ برطانوی ایوان میں بھی کشمیر ایشو پر بات ہو رہی ہے۔ ادھر احسن اقبال نے کہا کشمیر کے ایشو کو دنیا بھر میں بھرپور اجاگر کرنا چاہیے۔ حنا ربانی کھر بولیں معاملے پر او آئی سی کی میٹنگ بلانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔