Thursday, April 18, 2024

کشمیر پریمیئر لیگ ، راولاکوٹ ہاکس نے میرپور رائلز کو 43 رنز سے ہرا دیا

کشمیر پریمیئر لیگ ، راولاکوٹ ہاکس نے میرپور رائلز کو 43 رنز سے ہرا دیا
August 7, 2021 ویب ڈیسک

مظفر آباد (92 نیوز) کشمیر پریمیئر لیگ کے راولا کوٹ ہاکس کا فاتحانہ آغاز ہو گیا۔ افتتاحی میچ میں میرپور رائلز کو 43 رنز سے ہرا دیا۔

بوم بوم شاہد آفریدی نے ایک بار پھر ثابت کردیا  کہ اولڈ از گولڈ ہوتا ہے۔ کشمیر پریمیئر لیگ کے افتتاحی میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے دو سابق کپتان آمنے سامنے آئے۔ شاہد آفریدی کی راولاکوٹ ہاکس نے شعیب ملک  کی میرپوررائلز کو 43 رنز کے بڑے فرق سے چاروں شانے چت کر دیا۔

195رنز کے  ہدف کے تعاقب میں میرپور رائلز مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹیں گنوا کر 151 رنز بنا سکی ۔ کپتان شعیب ملک نے سب سے زیادہ 74 رنز بنائے۔ شاہد آفریدی، زمان، آصف اور صہیب مقصود نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

راولاکوٹ ہاکس نے پہلے کھیل کر 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔ احمد شہزاد اور بسم اللہ خان کی اوپننگ جوڑی نے میرپور رائلز کے باؤلرز پر خوب لاٹھی چارچ کیا۔ احمد شہزاد نے 42 گیندوں پر 69 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ بسم اللہ خان کا بلا بھی خوب چلا اور انہوں نے صرف 34 گیندوں پر شاندار 59 رنز بنائے۔ راولاکوٹ ہاکس کے بسم اللہ خان عمدہ کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔