Wednesday, April 24, 2024

کشمیر پر ہمیں اپنی پالیسی میں جوہری تبدیلی کرناہوگی ، مشاہد اللہ خان

کشمیر پر ہمیں اپنی پالیسی میں جوہری تبدیلی کرناہوگی ، مشاہد اللہ خان
August 7, 2019

اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ کشمیر پر ہمیں اپنی پالیسی میں جوہری تبدیلی لانا ہو گی ، سب کچھ کرنے کے بعد بھارت کہت اہے کہ کشمیر ہمارا اٹوٹ انگ ہے ۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے مشاہدا للہ خان نے کہا کہ  کشمیر کی جب بھی بات ہو گی پورا پاکستان  ایک ساتھ ہوگا۔ بھارت میں بھی بہت ساری علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں۔

دوران خطاب مشاہد اللہ اور  حکومتی وزیر فواد چودھری میں جھڑپ بھی ہوئی ۔ چیئرمین سینیٹ نے  مشاہد اللہ کو جلد تقریر ختم کرنے کا کہا اور بولے کہ ابھی آصف زرداری نے بھی تقریر کرنی ہے  جس پر مشاہد اللہ نے  کہا کہ آپ زرداری صاحب سے پوچھ لیں ، کہتے ہیں تو میں بیٹھ جاتا ہوں اس پر آصف زرداری نے مشاہداللہ خان کو تقریر جاری رکھنے کا اشارہ کیا جس پر  ایوان قہقہوں سے گونج اٹھا ۔

مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفر الحق نے  اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ  کل حکومت نے ایک کمیٹی بنائی، وہ موثر کردار ادا نہ کرسکے گی۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کشمیر میں امن سے پوری دنیا کا امن وابستہ ہے، مسئلہ حل نہ ہوا تو دنیا کی تباہی کا سبب بن سکتا۔

 خواجہ آصف نے کہا قوم کو متحد ہو کر بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنا ہے۔ فلسطینیوں کی طرح کشمیری بھی بے یار و مددگار ہو گئے۔ سعد رفیق بولے کشمیر پر حکومت کے ساتھ پورے قد کے ساتھ کھڑے ہونے کو تیار ہیں۔ دوسری طرف سے بھی کچھ کام کرنا ہے۔ مشاہد حسین نے کہا اپوزیشن کو غدار قرار دینے کی بجائے مشاورت کی جائے۔ یہ مسئلہ کوئی ایک پارٹی یا ادارہ حل نہیں کرسکتا۔