Thursday, March 28, 2024

کشمیر پر فیصلہ کن پالیسی کا وقت آگیا ، وزیر اعظم

کشمیر پر فیصلہ کن پالیسی کا وقت آگیا ، وزیر اعظم
August 26, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پر فیصلہ کن پالیسی کا وقت آگیا ، میں دنیا میں کشمیر کا سفیر بنوں گا، ہم سب کو مل کر کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب  میں کہا ہم نے مسئلہ کشمیر کو فوری طور پر دنیا میں اٹھایا، تمام عالمی رہنماؤں کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا، دنیا بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے کیے گئے۔ انکا کہنا تھاکہ  مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کیخلاف تھا ، سمجھنا ہوگا بھارت سب کچھ کیوں کر رہا ہے، نریندر مودی آر ایس ایس کے ممبر رہ چکا ہے ، آر ایس ایس والے ہٹلر اور مسولینی کے نظریے کو مانتے ہیں،اسی آئیڈیالوجی نے بابری مسجد کو شہید کیا  تھا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پلوامہ حملے پر بھارت سے ثبوت مانگے، بھارت سے جب بھی بات کی کوشش کی وہ بہانے ڈھونڈنے لگ جاتا، ہمیں پوری معلومات مل چکی تھیں کہ بھارت نے آزاد کشمیر پر حملہ کرنا ہے ،مودی کی غلطی نے کشمیر کی آزادی کا تاریخی موقع فراہم کردیا ہےتکبر کی وجہ سے دنیا کی بڑی طاقتیں تباہ ہوئی ہیں مودی کا تکبر ہی اسی لے ڈوبے گا۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب کے اختتام پر  عالمی اداروں سے براہ راست مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ  کشمیر پر ظلم ختم کرانے میں سب سے زیادہ ذمہ داری اقوام متحدہ کی ہے ، اقوام متحدہ کو بتانا چاہتا ہوں سوا ارب مسلمان آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں، انسانیت پر یقین رکھنے والے دیکھ رہے ہیں کہ کیا اقوام متحدہ مسلمانو ں کی مدد کرے گا انہوں نے خطاب کے آخر میں واشگاف الفاظ میں کہا کہ  مسئلہ کشمیر جنگ کی طرف چلا گیا تو دونوں ممالک کے پاس جوہری ہتھیار ہیں، نیو کلیئر جنگ کوئی نہیں جیتے گا مگر اثر دنیا پر جائیگا ، جوہری جنگ رکوانے کی ذمہ داری عالمی طاقتوں کی ہے ،وہ ہمارے ساتھ آئیں یا نہ آئیں پاکستان آخری حد تک جائے گا۔