Friday, April 19, 2024

کشمیر پر غیرقانونی بھارتی قبضے کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے

کشمیر پر غیرقانونی بھارتی قبضے کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے
August 5, 2020
 پیرس (92 نیوز) کشمیر پر غیرقانونی بھارتی قبضے کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے ہوئے۔ پیرس میں ایفل ٹاور کے سامنے کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے بھارت کے خلاف احتجاج کیا۔ لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے مظاہرہ کیا جس میں پاکستانی تارکین وطن نے شرکت کی۔ مظاہرین نے قاتل مودی اور کشمیری مانگیں آزادی کے نعرے لگائے۔ برمنگھم سارا دن بھارت کےخلاف نعروں سے گونجتا رہا، ٹاؤن ہال سے سٹی سنٹر تک ریلی میں خواتین وحضرات اور بچوں نے شرکت کی، بھارتی قونصلیٹ برمنگھم کے سامنے اوورسیز پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے مظاہرہ کیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے بھارتی حکومت کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا گیا ہے ، انشااللہ کشمیر بنے گا پاکستان ۔ ترک دارالحکومت انقرہ کے پاکستانی سفارتخانے میں غیرقانونی زیر قبضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پروگرام ہوا جس میں پاکستانی کمیونٹی کے ممبران اور انقرہ میں مقیم کشمیریوں سمیت میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ پاکستان ہائی کمیشن کوالالمپور کے زیراہتمام یوم استحصال کی تقریب ہوئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی، پاکستان ہائی کمیشن کے عہدیداروں، تعلیمی، مذہبی و سماجی اسکالرز سمیت ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ یوم استحصال کی مناسبت سے پیرس میں ایفل ٹاور کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر بھارتی ظلم و ستم کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ برسلز میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ ہوا۔ مظاہرے کا اہتمام کشمیر کونسل ای یو اور جے کے ایل ایف سمیت بیلجئم میں موجود  دیگر سماجی و سیاسی تنظیموں نے کیا۔ دبئی میں بھی پاکستانی قونصلیٹ کے زیر اہتمام تقریب ہوئی۔