Wednesday, May 1, 2024

کشمیر پر سلامتی کونسل اجلاس میں وزیر خارجہ کو موجود ہونا چاہئے تھا ، احسن اقبال

کشمیر پر سلامتی کونسل اجلاس میں وزیر خارجہ کو موجود ہونا چاہئے تھا ، احسن اقبال
August 16, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) مسلم لیگ ن نے مسئلہ کشمیر پر حکومت کی سنجیدگی پر سوالات اٹھا دیئے۔ احسن اقبال نے کہا آج کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس ہے تو وزیرخارجہ کو وہاں موجود ہونا چاہئے تھا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا بھارت نے کشمیر میں ایسی کارروائی کی جس کی 72 سال میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ ہماری حکومت خواب خرگوش میں رہی۔ انہوں نے کہا 1971 میں ہمارا ایک بازوں ہم سے جدا کیا گیا۔ مودی نے پاکستان کی شہ رگ پر وار کیا۔ شہ رگ کے بغیر کوئی زندہ نہیں رہ سکتا۔ یہ پاکستان کے وجود اور بقاء کا سوال ہے۔ ہندوستان نے پاکستان کے وجود اور بقا پر وار کیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا نواز شریف کے دور میں مودی کو پاکستان پر ایسا وار کرنے کی جرات نہیں ہوئی ۔ ہم پوچھنا چاہتے ہیں کیا ٹرمپ کے سامنے کشمیر پر کمزور موقف پیش کیا۔ کیا ٹرمپ کے سامنے خاموشی اختیار کی۔ کیا ٹرمپ کے سامنے کوئی معاہدہ کیا۔ مجھے یقین ہے کہ مجھے ان تین سوالوں کا جواب نہیں ملے گا، میں جیل چلا جاؤں گا لیکن جواب نہیں ملے گا۔ احسن اقبال بولے ہمیں جواب چاہیے جب سلیکٹڈ نے کہا کہ ہمیں بڑی دیر سے پتہ تھا کہ مودی یہ کررہا ہے تو تیاری کیوں نہیں کی؟۔ اگر ڈالر ریال لینے کے لیے گاڑیاں چلائی جا سکتی ہیں تو اسلامی سربراہی کانفرنس کشمیر پر کیوں نہیں بلائی جا سکتی ۔ ان کا کہنا تھا اگر آزاد کشمیر پر مودی نے چڑھائی کی تو ہم سب پاک فوج کے ساتھ ملکر اسے سبق سکھائیں گے کہ یاد رکھے گا ۔ ہمارے سیاسی اختلاف اپنی جگہ مگر مودی اس غلط فہمی میں نہ رہنا اگر غلطی کی تو ملکر نشان عبرت بنائیں گے۔