Friday, March 29, 2024

کشمیر پر دوٹوک موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ، وزیراعظم

کشمیر پر دوٹوک موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ، وزیراعظم
August 17, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کشمیر  سے متعلق موقف پر ڈٹ گئے  اور کہا کہ کشمیر  پر دو ٹوک مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، کشمیر عالمی سطح پر متنازعہ علاقہ ہے، بھارت یکطرفہ فیصلہ نہیں کر سکتا۔ وزیراعظم سے پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں کشمیر سے متعلق صورتحال اور قانونی معاملات پر مشاورت کی گئی ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا  مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا ،  دنیا کشمیر کے معاملے پر پاکستان کا موقف سن اور سمجھ رہی ہے ، پاکستان سفارتی محاذ پر درست سمت میں آگے بڑھا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ  کشمیر عالمی سطح پر متنازعہ علاقہ ہے ، بھارت یکطرفہ فیصلہ اور اقدامات نہیں کر سکتا، سنگین معاملے پر دوست ممالک کے حمایت پر شکر گزار ہیں ، امریکی صدر  سے گزشتہ روز تفصیلی بات ہوئیڈونلڈ ٹرمپ  معاملے کا بغور جائزہ لے رہے ہیں،مقبوضہ کشمیر میں کرفیو، کریک ڈاؤن اور ممکنہ نسل کشی کے خدشے سے آگاہ کر دیا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر بابر اعوان نے  کشمیر  کاز کیلئے وزیر اعظم کے دلیرانہ اقدامات کو سراہا اور کہا کہ  عمران خان نے  ایشئن ہٹلر مودی کو ایکسپوز کر کے عالم اسلام کی نبض پر ہاتھ رکھا ، کشمیر کا معاملہ عالمی سطح  پر لے جانا پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، اقوام متحدہ میں بھارت کے بیانیہ کو شکست ہوئی عالمی فورم پر اس شرمندگی کے خلاف خود بھارت سے آوازیں اٹھ رہی ہیں ، بی جے پی حکومت کو کشمیر کا معاملہ اقوام عالم تک پہنچنے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔